لاہور: چیف آرگنائیزر مسلم لیگ (ن) مریم نواز کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کے اجلاس ہوا، اجلامیں میں اہم فیصلے کیے گئے۔
ذرایع کے مطابق اجلاس میں عمران خان اور سہولت کاروں سے متعلق حقائق سامنے لانے کی حکمت عملی تیار کی گئی، سہولت کاروں اور عمران خان کی کرپشن کے حقائق سامنے لائے جانے پر اتفاق کیا گیا اور نوازشریف کیخلاف غیر منصفانہ اور انتقامی فیصلے اور گواہیاں عوام کے سامنے لانے کا فیصلہ کیا گیا۔
مریم نواز کا شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان ماضی کا حصہ بن چکا ہے، ہمیں پاکستان کے مستقبل کے بارے میں سوچنا ہے، 4 سال میں کیسے ملک تباہ ہوا، عوام کو بتایا جائے، ججز کا اختلافی نوٹ بینچ فکسنگ کے بارے میں ہمارے بیانیے کی جیت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: از خود نوٹس: چیف جسٹس کے ون مین پاور شو کے اختیار پر نظر ثانی کرنا ہوگی: سپریم کورٹ ججز
ان کا کہنا تھا کہ بینچ سازی منصفانہ نہیں تو فیصلہ کیسے منصفانہ تصور ہوگا؟، عمران خان اپنے کرپشن مقدمات سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے، ٹیرین، فارن فنڈنگ، توشہ خانہ مقدمات میں ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں، عدلیہ میں عمران خان کے سہولت کاروں کو پوری قوت سے بے نقاب کریں۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے مقدمے میں آئین اور قانون کی پامالی کو بے نقاب کیا جائے گا، نواز شریف کیساتھ زیادتی کی شہادتیں آچکی ہیں، ترازو کے پلڑے برابر ہو جانے چاہئیں۔