جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

کراچی: جماعت اسلامی کی یوم استحصال کشمیر ریلی میں دھماکہ 5 افراد زخمی

کراچی: جماعت اسلامی کی یوم استحصال کشمیر ریلی کے قریب دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال بیت المکرم مسجد کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے فوری اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

ڈاکٹر سیمیں جمالی کا کہنا ہے کہ دھماکے کے تین زخمیوں کو جناح اسپتال لایا گیا ہے، زخمیوں کی شناخت ندیم ، ابو بکر اور مجتبی سے ہوئی ہے اور اب زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات ہیں کہ موٹر سائیکل سوار دستی بم پھینک کر فرار ہوئے ہیں۔

جماعت اسلامی کی رہنما معراج الہدیٰ کا کہنا تھا کہ دھماکا کرکے ہمارے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے، ریلی جاری رہے گی۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کررہی ہے، بھارتی را کے ایجنٹوں نے ریلی میں حملہ کرکے بزدلانہ کارروائی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بزدلانہ کارروائیوں سے جذبوں کو ختم نہیں کیا جاسکتا، کارکن پولیس انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت کی زمہ داری ہے کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے اور ریلی میں زخمی ہونے والوں کی دیکھ بھال کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ جہاد کو دہشت گردی کا نام دیا جائے گا تو ہم سوال کریں گے دفاعی بجٹ کہاں خرچ کیا جارہا ہے ہماری فوج کا کے لیے ہے۔

متعلقہ خبریں