جی ٹی وی نیٹ ورک
اہم خبریں

کراچی : لوڈ شیڈنگ کیخلاف ماڑی پور روڈ پر احتجاج، پولیس پر پتھراؤ، خاتون جاں بحق

ماڑی پور

کراچی : لوڈشیڈنگ کے خلاف ماڑی پور روڈ پر احتجاج پرتشدد ہوگیا، پولیس پر پتھراؤ کیا گیا، دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، جبکہ ایک خاتون بھی جاں بحق ہوگئیں۔

کراچی میں بجلی کی طویل بندش کے خلاف رہائشیوں کا صبر جواب دے گیا، ماڑی پور روڈ کے مکین سڑکوں پر نکل آئے اور راستے بند کردیئے گئے، جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیئے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کیا، جبکہ مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ کیا گیا، جو گلیوں سے نکل کر پتھر پھینکتے اور واپس فرار ہوجاتے۔ کچھ دیر تک قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مظاہرین کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا۔

اطلاعات کے مطابق مظاہرے میں شریک ایک زخمی خاتون جاں بحق ہوگئی ہے، لواحقین نے الزام لگایا ہے کہ خاتون پولیس کے تشدد سے ہلاک ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی میں بدترین لوڈ شیڈنگ، سندھ حکومت کا سبسڈیز کی رقم کی فوری اداٸیگی کا مطالبہ

احتجاج کے دوران خواتین کو سنبھالنے کے لیئے ویمن پولیس اہلکار موجود نہیں تھیں، جبکہ خواتین پولیس اور رینجرز اہلکاروں سے لڑتیں رہیں۔

پولیس نے مظاہرین کو ہوائی فائرنگ کرکے منتشر کردیا، جس کے بعد راستہ کھلوا دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ 17 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

اے ایس پی لیاری عاطف کا کہنا ہے کہ کچھ شرپسند عناصر نے موبائل فون بھی چھینے۔ ایک ٹینکر کو آگ لگانے کی کوشش بھی کی گئی۔ مشتعل افراد، ٹریفک جام میں پھنسے ٹرک اور ٹرالروں کی چابیاں لیکر فرار ہوگئے تھے۔ پولیس نے مچھر کالونی میں چھاپہ مار کر چابیاں برآمد کی ہیں۔ مشتعل افراد کے پتھراؤ سے دو اہلکار زخمی ہوئے۔

علاقے میں کشیدگی برقرار ہے، عوام کی بڑی تعداد سڑک کنارے موجود ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر زیر حراست افراد کو رہا نہ کیا گیا تو دوبارہ سڑکوں پر نکلیں گے۔ پولیس کی بھاری نفری اور رینجرز اہلکار ماڑی پور روڈ پر موجود ہیں، جبکہ ٹریفک رواں دواں ہے۔

متعلقہ خبریں