جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

کراچی : گڈاپ میں سرچ آپریشن، مختلف مقابلوں میں چار ملزمان گرفتار

گڈاپ میں سرچ

کراچی : گڈاپ میں پولیس اور رینجرز نے سرچ آپریشن کیا، جبکہ مختلف پولیس مقابلوں میں چار ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ ملیر کے علاقے گڈاپ میں پولیس اور رینجرز نے منشیات فروشی کے حوالے سے مشہور علاقے کوچی کیمپ میں مشترکہ سرچ آپریشن کیا، جس کے دوران گھر گھر تلاشی لی گئی اور متعدد مشتبہ افراد کی بائیو میٹرک تصدیق اور کرمنل ریکارڈ چیک کیا گیا۔

دوران کارروائی مشتبہ کیمیکل پاؤڈر بھی برآمد کیا گیا، تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ اس موقع پر پورے علاقے کا محاصر کرکے داخلی و خارجی راستوں کو سیل رکھا گیا۔

دوسری طرف درخشاں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران مطلوب اسٹریٹ کرمنل کو گرفتار کرکے دس موبائل فون اسلحہ سمیت برآمد کرلیئے۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی : میڈیسن مارکیٹ سمیت چار علاقوں میں چھاپے، جعلی ادویات برآمد، 10 ملزمان گرفتار

ملزم کے قبضے سے موٹرسائیکل بھی ملی، جو گلستان جوہر تھانے کی حدود سے چھینی گئی تھی، گرفتار ملزم افتخار کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

ادھر گلشن اقبال میں بیت المکرم مسجد کے قریب اے وی ایل سی پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان میں یاسر اور حامد شامل ہیں۔

گلشن حدید فیز ٹو میں بھی پولیس اور ملزمان کے درمیان مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی ہوگیا، جسے علاج کے لیئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پی آئی بی کے علاقے سکھیہ گوٹھ میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر فائرنگ سے رئیس نامی شخص زخمی ہوگیا، جسے طبی امداد کے لیئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں