کرتارپور راہداری: منصوبے کی تکمیل پر وزیراعظم اور آرمی چیف کو مبارکباد کی قرارداد

کرتار پور راہداری منصوبے کی تکمیل پر

لاہور : کرتار پور راہداری منصوبے کی تکمیل پر وزیراعظم اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو مبارکباد کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی گئی ہے۔

تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے کرتارپور راہداری منصوبے کی تکمیل پر وزیراعظم اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو مبارکباد کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی گئی ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ صوبائی اسمبلی پنجاب کا یہ ایوان تسلیم کرتا ہے کہ کرتار پور راہداری منصوبہ سکھ برادری کی خوشیوں میں اضافہ کا باعث ہے۔ جس کا اظہار بھارتی سکھ براداری نے بھارتی علاقہ میں پاکستانی پرچم لہرا کر کیا ہے۔ یہ ایوان تسلیم کرتا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان اور پاک فوج کے سربراہ نے خصوصی اور ذاتی دلچسپی لی۔

یہ بھی پڑھیں : کرتار پور راہداری کھولنے پر بھارت میں پاکستانی پرچم لہرا دیئے گئے

متن کے مطابق کرتارپور راہداری کے عظیم منصوبے کو محدود مدت میں مکمل کرایا اور سکھ براداری کو سب سے بڑے گرودوارہ کا تحفہ بھی دیا۔ یہ ایوان تسلیم کرتا ہے کہ کرتارپور گرودوارہ میں سکھ برادری کی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے حکومت پاکستان نے بھرپور انتظامات کئے ہیں۔

قرارداد کے مطابق یہ ایوان پاکستان کی عوام کی طرف سے کرتارپور راہداری کے افتتاح کے موقع پر آنے والے تمام سکھ یاتریوں اور مہمانوں کو خوش آمدید کہتا ہے۔ کرتارپور راہداری کے عظیم منصوبہ کی تکمیل اور افتتاح پر وزیر اعظم جناب عمران خان اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو مبارکباد پیش کرتا ہے، ساتھ ساتھ نوجوت سنگھ سدھو اور دنیا بھر کی سکھ برادری کو بھی بھرپور مبارکباد پیش کرتا ہے۔