جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کی درخواست مسترد

خیبر پختونخوا کے بلدیاتی

اسلام آباد : سپریم کورٹ نے خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کیلئے کے پی حکومت کی درخواست مسترد کردی۔

سپریم کورٹ میں خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرانے کے ہائیکورٹ کے حکم کیخلاف کے پی حکومت کی اپیل پر سماعت ہوئی۔

سپریم کورٹ نے الیکشن شیڈول میں تبدیلی کیلئے کے پی حکومت کی درخواست مسترد کردی۔ سپریم کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہوں گے۔ الیکشن کمیشن پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے تمام اقدامات کر چکا۔ بلدیاتی الیکشن شیڈول جاری کرنے میں پہلے ہی دو سال تاخیر ہوچکی ہے۔

ایڈووکیٹ جنرل کے پی نے کہا کہ صرف الیکشن نہیں صحیح معنوں میں نمائندگی کی ضرورت ہے۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ جماعتی بنیادوں پر الیکشن سے برادریوں میں ٹوٹ پھوٹ ہوتی ہے۔ ملک میں جمہوریت کو تقویت دینے کیلئے سیاسی جماعتوں کو مضبوط کرنا ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سندھ حکومت کو بلدیاتی الیکشن سے متعلق قانون سازی، حلقہ بندیوں پر آخری مہلت

جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو سیاسی عمل سے نہیں نکالا جاسکتا۔ جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ کوئی بھی سیاسی جماعت عدالت میں نہیں آئی۔ سیاسی جماعتوں کو آکر کہنا چاہیئے کہ ہائیکورٹ کے فیصلے سے نقصان ہو رہا ہے۔

ایڈووکیٹ جنرل کے پی نے کہا کہ ہائیکورٹ نے جو حکم دیا اس کی قانون میں کوئی گنجائش نہیں۔ اگر عدالت حکم امتناع نہیں دیتی تو الیکشن کی تاریخ بدلنے کی اجازت دے۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ تاریخ تبدیل کرنے کے ہم سخت مخالف ہیں۔ کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی گئی۔

متعلقہ خبریں