جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

جمہوریت کو پاؤں جمانے دیں اور لاڈلہ سازی کا خاتمہ کیا جائے : بلاول بھٹو زردری

جمہوریت کو پاؤں

اسلام آباد : بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں حقیقی جمہوریت کو پاؤں جمانے دیا جائے اور لاڈلہ سازی کا خاتمہ کیا جائے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے 54 ویں یوم تاسیس پر پیغام میں تمام جیالوں اور قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ طویل جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کے بعد، اب پاکستان میں جمہوریت کا ترجمہ پاکستان پیپلز پارٹی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کا منشور و لائحہ عمل ہی، اب 22 کروڑ پاکستانیوں کے وطن کو ایک حقیقی جمہوری و فلاحی ریاست بنانے کا واحد راستہ ہے۔ پی پی پی ایک تحریک، جس کی اساس قائدِ عوام کا نظریہ، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا فلسفہ، اور کئی نسلوں کی جدوجہد و قربانیاں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی پی پی نے مشکل ترین حالات کا مقابلہ کرکے بھی ملک و قوم کو بیش بہا اسٹریٹجک تحفے دیئے۔ ملک کو پہلا متفقہ آئین، ناقابلِ تسخیر دفاع کے ضامن جوہری پروگرام اور میزائیل ٹیکنالاجی پیپلز پارٹی کے تحفے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ صوبائی خودمختاری، اور زرعی و معاشی اصلاحات بھی ایسے تحفوں میں شامل ہیں۔ پاک – چین دوستی اور سی پیک منصوبہ بھی قوم کو پی پی پی کے تحفے ہیں۔ اسلامی سربراہی کانفرنس کی شکل میں سیاسی طور پاکستان کو اسلامی دنیا کو محور و مرکز بنانا بھی پی پی پی کا طرہِ امتیاز ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بااختیار پارلیمنٹ اور عوام کے حق حاکمیت پر سودے بازی نہیں کریں گے : آصف زرداری

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج ان تمام جیالوں کو سلام پیش کرتا ہوں، جنہوں نے جمہوریت کے کاز کی خاطر اپنی جانوں کی قربانیاں دیں۔ ان جیالوں کو سلام جنہوں نے کوڑے کھائے، قید و بند، جلاوطنی اور غیرجمہوری قوتوں کے اسپانسرڈ میڈیا ٹرائیلز کے سامنا کیا۔

انہوں نے کہا کہ باعثِ فخر ہے کہ قائدِ عوام اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نامکمل مشن کو پایہ تکمیل پر پہنچانے کے لیئے، پارٹی پرعزم ہے۔ اس مقصد کے حصول کی خاطر کارکنان آج بے مثال جراَت کے ساتھ اپنی جدوجہد میں نئی روح پھونکنے کے لیئے کھڑے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج تجدیدِ عہدِ نو کا دن ہے کہ ہم عوام کے حقِ حاکمیت کے لیئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ خواتین کی آزادی، اقلیتوں کی قومی دھارے میں شمولیت کے لیئے سرگرم عمل رہیں گے۔ جمہوری اداروں کو بااختیار اور آئین کی حکمرانی کے لیئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

پارٹی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی بھبود و ترقی کے لیئے ہماری تحریک جاری رہے گی۔ قیادت اور جیالوں کی انتھک جدوجہد بارآور ہونے کے قریب ہے۔ ملک سے ہر قسم کے امتیاز کے خاتمے اور مساوات پر مبنی معاشرے کے قیام کا خواب حقیقت میں بدلنے والا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ اب پاکستان میں حقیقی جمہوریت کو پاؤں جمانے دیا جائے اور لاڈلہ سازی کا خاتمہ کیا جائے۔

متعلقہ خبریں