اسلام آباد: شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بھارتی قیادت نریندر مودی کے لیے میرا پیغام واضح ہے، آئیں، بیٹھیں اور سنجیدہ مذاکرات کریں تاکہ تنازعات حل ہوں، آئیں بیٹھ کر مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل حل کریں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا العربیہ ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان برادرانہ تعلقات برسوں پرانے ہیں، دونوں کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں، متحدہ عرب امارات میرے لیے دوسرے گھر جیسا ہے، پاکستان اور خلیجی قیادت نے ہمیشہ ایک دوسرے سے تعاون کیا ہے، پاکستان اور خلیجی ممالک نے اسلام کے حقیقی تشخص کیلئے کام کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کی قیادت اور شیخ محمد زاید کے شکر گزار ہیں، شیخ محمد بن زید النہیان نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا، خلیجی ممالک نے پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے کلیدی کردار ادا کیا، ہروقت مشکلات سے نکلنے کیلئے برادر ممالک کی طرف نہیں دیکھیں گے، پاکستان کو درپیش مسائل سے نکال کر اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: اقوام عالم کی جانب سے امداد پاکستان کی حکومت پر اعتماد کا مظہر ہے: وزیراعظم
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور یو اے ای نے مشکل وقت میں ساتھ دیا، تعاون کو سرمایہ کاری اور تجارت کے شعبوں میں ڈھالنا چاہتے ہیں، برصغیر میں کروڑوں مسلمان رہائش پذیر ہیں، بھارت پڑوسی ہے اور ہمیشہ رہے گا، پڑوسی تبدیل نہیں کیے جاسکتے، بھارت سے امن چاہتے ہیں بشرط یہ کہ تصفیہ طلب مسائل حل ہوں، ایک دوسرے کیساتھ لڑنے سے وسائل ضائع ہوتے ہیں، پرامن طو ر پر رہنے کےلیے تنازعات کا حل ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی قیادت نریندر مودی کے لیے میرا پیغام واضح ہے، جنگوں سے دونوں ملکوں کو مشکلات اور غربت و بیروزگاری ملی، آئیں، بیٹھیں اور سنجیدہ مذاکرات کریں تاکہ تنازعات حل ہوں، آئیں بیٹھ کر مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل حل کریں، بھارت اگست 2019 کے اقدامات واپس لے، بھارت کشمیریوں پر مظالم بند کرکے پیغام دے کہ وہ مذاکرات کیلئے تیار ہے۔