جی ٹی وی نیٹ ورک
اہم خبر

سندھ کے چودہ اضلاع میں بلدیاتی انتخابات، پیپلز پارٹی کا کلین سوئپ

چودہ اضلاع میں

کراچی : سندھ کے چار ڈویژن کے چودہ اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا۔ جی ڈی اے دوسرے جے یو آئی ف تیسری نمبر پر رہی۔

چودہ اضلاع کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق پیپلز پارٹی کو دو ہزار 655، جی ڈی اے کو 106، جے یو آئی ف کو 75، آزاد امیدواروں کو 54 اور پی ٹی آئی کو صرف 27 نشستیں مل سکیں۔ مجموعی طور پر ایک ہزار کے قریب امیدوار پہلے ہی بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔

شہری علاقوں کی میونسپل کمیٹیوں میں اب تک کل 354 میں سے 285 نشستوں کے نتائج سامنے آ چکے ہیں، جس میں پیپلز پارٹی نے 225 نشستیں حاصل کی ہیں۔ آزاد امیدوار 19، جی ڈی اے 18، پی ٹی آئی 14 اور جے یو آئی نے 7 نشستیں حاصل کی، جبکہ دیگر جماعتوں نے دو نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔

میونسپل کمیٹی عمرکوٹ وارڈ نمبر آٹھ سے پیپلز پارٹی کے امیدوار عبدالستار کھوسو تین ہزار ووٹ، جیکب آباد کے وارڈ نمبر گیارہ پیپلز پارٹی کے امیدوار دل مراد لاشاری پانچ سو تینتالیس ووٹ اور پنوعاقل کے وارڈ نمبر گیارہ سے پیپلز پارٹی کے میاں عابد نے آٹھ سو پینتیس ووٹ لے کر کامیابی اپنے نام کرلی۔

یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد ہائیکورٹ کا بلدیاتی الیکشن کیلئے 65 دن میں حلقہ بندیوں کا حکم

سکھر کی یوسی فائیو سے وفاقی وزیر سید خورشید کے فرزند اور پیپلز پارٹی کے امیدوار سید زیرک شاہ ایک ہزار چار سو تریسٹھ ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔ سانگھڑ کے وارڈ نمبر گیارہ سے پیپلزپارٹی کے جمعہ خان خروٹی تین سو اکیاسی ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔

لاڑکانہ میونسپل کمیٹی نوڈیرو کے تمام 7 وارڈز پر پیپلزپارٹی نے کلین سوئیپ کرلیا۔ میرپوخاص یو سی 11 خادم علی شاہ ٹاؤن پر پیپلز پارٹی کے عبدالرٶف ایک ہزار 287 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔

میونسپل کمیٹی عمرکوٹ کے 14 وارڈز سے 8 وارڈز پر پیپلز پارٹی کے امیدواروں نے شاندار کامیابی اپنی نام کرلی۔ نواب شاہ، یونین کونسل جمال شاہ پر پیپلز پارٹی کے حاجی غلام مصطفی مشوری  تین ہزار 113 ووٹ لیکر کامیاب رہے۔ تھر پارکر مٹھی میونسپل کمیٹی کے 15 وارڈ سے 14 وارڈوں پر پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب قرار پائے۔

کوٹ ڈیجی میں جی ڈی اے نے میدان مار لیا ۔ ٹاٶن کمیٹی کے 9 وارڈ میں جی ڈی اے نے 5 وارڈ پر جیت اپنے نام کرلی۔

متعلقہ خبریں