جی ٹی وی نیٹ ورک
انٹرٹینمنٹ

میں نے نہیں بلکہ اسلام نے مجھے چنا ہے، جینیفر گراؤٹ

قرآن

امریکی گلوکارہ جینیفر گراؤٹ کا کہنا ہے کہ قرآن کی تلاوت کرنا ایک انتہائی خاص چیز ہے جس میں آپ ایک روحانی عمل کے ذریعے، خدا کے کلام کا استعمال کرتے ہوئے اپنے فنکارانہ خیالات کو پیش کر سکتے ہیں۔

بی بی سی پشتو کو ایک خصوصی انٹرویو میں انھوں نے اپنی تلاوت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اپنی آواز کو کسی طریقے سے بھی استعمال کر لینا ایک نعمت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ ایک انتہائی بے مثال چیز ہے کیونکہ آلاتِ موسیقی کے برعکس یہ کوئی بیرونی چیز نہیں بلکہ آپ کے اندر سے آ رہی ہے۔‘

جینیفر گراؤٹ نے سنہ 2013 میں معروف ٹی وی شو ’عربز گاٹ ٹیلنٹ‘ میں شرکت کی تھی۔ انھوں نے عربی زبان نہ جانتے ہوئے بھی عربی میں ایک گانا گایا جس کے بعد وہ عرب دنیا میں انتہائی مقبول ہوئی تھیں اور اسی سال انھوں نے اسلام بھی قبول کر لیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی گلوکارہ کی تلاوت کلام پاک کی ویڈیو وائرل

ان کا تعلق امریکہ سے ہے مگر انھوں چار سال تک افریقی مسلم ملک مراکش میں رہائش بھی رکھی۔

جینیفر گراؤٹ کے یوٹیوب چینل پر ہزاروں فالورز ہیں اور ان کی تلاوت کی ویڈیوز بہت مقبول ہیں۔ ان کی تلاوت والی ایک ویڈیو تین لاکھ سے زیادہ مرتبہ دیکھی جا چکی ہے۔

جینیفر گراؤٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسلام سے پہلے ان کا کسی مذہب کی جانب رجحان نہیں تھا۔ وہ کہتی ہیں ’مجھے ایسا لگتا ہے کہ میں نے اسلام کو نہیں بلکہ اسلام نے مجھے چنا ہے۔‘

متعلقہ خبریں