برطانیہ: (این سی اے) ملک ریاض سے 19 کروڑ پاؤنڈ کے تصفیے پر رضامند

برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) نے پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کے خاندان کے ساتھ 19 کروڑ پاؤنڈ کی رقم یا اثاثوں کی فراہمی کے عوض تصفیہ کرنے پر رضامندی ظاہر کردی۔

ایجنسی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’19 کروڑ پاؤنڈ کی رقم یا اثاثوں کی فراہمی کے عوض تصفیہ پاکستانی شہری ملک ریاض حسین کے حوالے سے این سی اے کی تحقیقات کے نتیجے میں کیا جائے گا،

جو پاکستان کے نجی شعبے کی اہم ترین کاروباری شخصیت ہیں۔’

این سی اے نے 19 کروڑ پاؤنڈ کے تصفیے کی پیشکش قبول کی جس میں برطانیہ کی جائیداد میں لندن کے ون ہائیڈ پارک پلیس نامی عمارت کا ایک اپارٹمنٹ ڈبلیو 2 2 ایل ایچ شامل ہے جس کی مالیت تقریباً 5 کروڑ پاؤنڈز ہیں، جبکہ منجمد اکاؤنٹس میں موجود تمام فنڈز شامل ہیں۔

موڈیز کے بعد بلوم برگ نے بھی پاکستانی معیشت کی بہتری کی نوید سنادی

یہ اثاثے ریاست پاکستان کو واپس کیے جائیں گے۔

نیشنل کرائم ایجنسی کے بیان میں کہا گیا کہ ‘اگست 2019 میں لگ بھگ 12 کروڑ پاؤنڈز فنڈز کے حوالے سے ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کی عدالت سے 8 اکاؤنٹس منجمد کرنے کے احکامات حاصل کیے گئے تھے۔’

بیان کے مطابق ‘اکاؤنٹس منجمد کرنے کے یہ احکامات دسمبر 2018 میں 2 کروڑ پاؤنڈز کے حوالے سے اسی تحقیقات سے منسلک احکامات کے بعد حاصل کیے گئے تھے،

جبکہ اکاؤنٹس منجمد کرنے کے تمام احکامات برطانوی بینک اکاؤنٹس میں موجود رقم سے متعلق تھے۔’