جی ٹی وی نیٹ ورک
پاکستان

یاسمین راشد نے عمران خان کے دباؤ پر جھوٹی پریس کانفرنس کی، مریم اورنگزیب

یاسمین

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد کی پریس کانفرنس کی مذمت کرتے ہوئے اسے وزیر اعظم عمران خان کے دباؤ پر جھوٹ پر مبنی سیاسی پریس کانفرنس قرار دیا۔

وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے آج لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف کی صحت کے حوالے سے کوئی پیشرفت نہیں ہوئی اور وہ 48گھنٹے میں اپنی رپورٹس فراہم کریں۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مذکورہ پریس کانفرنس کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ یاسمین راشد نے وزیر اعظم عمران خان کے دباؤ پر جھوٹ پر مبنی سیاسی پریس کانفرنس کی۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر یاسمین عمران صاحب کو بتائیں کہ محمد نوازشریف کا آج بھی ’ریبیوڈیم پی ای ٹی اسکین ہوا ہے اور نوازشریف کے ٹیسٹ کی رپورٹ موجود ہونے کے باجود میڈیا میں سیاسی تماشا کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد خود ڈاکٹر ہیں لیکن اس کے باوجود ان کی جانب سے عمران صاحب کے دباؤ پر کی گئی پریس کانفرنس قابل افسوس ہے اور عمران خان کی حکومت پر اب ترس آتا ہے کہ ان کی آج تک ترجیح اور سیاست صرف نواز شریف کی صحت ہے۔

48 گھنٹوں میں میڈیکل رپورٹ طلب، علاج کرانے گئے ہیں سیر و تفریح؟ ڈاکٹر یاسمین راشد

مسلم لیگ ن کی ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کی سربراہی میں بورڈ نے نواز شریف کا بیرون ملک علاج تجویز کیا اور خود ڈاکٹر یاسمین صاحبہ نے نواز شریف صاحب کی میڈیکل رپورٹس پر دستخط کیے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیرصحت کے پاس رپورٹس ہونے کے باوجود جھوٹی اور سیاسی پریس کانفرنس کرنے کی کیا ضرورت تھی؟ سیاسی تماشا لگانے کی کیا ضرورت تھی؟۔

انہوں نے یاد دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وزیر صحت پنجاب نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ کوئی ڈاکٹر میاں صاحب کے علاج میں رسک لینے پر تیار نہیں لیکن اب اگر بہت خدشات اور فکر ہے تو یاسمین راشد خود لندن چلی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے تشکیل کردہ 12رکنی بورڈ کی تجویز اور ہدایت پر محمد نواز شریف کا علاج ہوا، علاج حکومت پنجاب کی ہدایت پر ہوا اور مسلم لیگ ن کے قائد نے کسی قسم کے ٹیسٹ سے کبھی انکار نہیں کیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عدالتی حکم کے مطابق ڈاکٹرز کی تصدیق شدہ رپورٹس عدالت اور پنجاب حکومت کو شیڈول کے مطابق بھجوائی جارہی ہیں۔

متعلقہ خبریں