مولانا فضل الرحمان استعفےٰ سے وظیفے پر آچکے ہیں : فیاض الحسن چوہان

وظیفے فیاض الحسن چوہان

لاہور : فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان استعفےٰ سے وظیفے پر آچکے ہیں، مولانا کسی بھی شکل میں وظیفہ چاہتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان سے متعلق حقائق سامنے آئے تو عوام اور میڈیا اپنے کانوں کو ہاتھ لگائیں گے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر پنجاب برائے کالونیز فیاض الحسن چوہان نے دعویٰ کیا کہ میرے پاس مولانا فضل الرحمان سے متعلق بہت حقائق موجود ہیں، مولانا فضل الرحمان سے متعلق حقائق سامنے آئے تو عوام اور میڈیا اپنے کانوں کو ہاتھ لگائیں گے۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ مذاکرات 100 فیصد کامیاب ہوں گے، کیونکہ مولانا فضل الرحمان استعفےٰ سے وظیفے پر آچکے ہیں، مولانا کسی بھی شکل میں وظیفہ چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان اپنے تمام مطالبات سے پیچھے ہٹ رہے ہیں، مولانا استعفے اور حکومت توڑ کر نئے انتخابات کے مطالبات سے پیچھے ہٹ گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : جمعیت علمائے اسلام کا دھرنا آٹھویں روز بھی جاری، مولانا ڈٹ گئے

انہوں نے مزید کہا کہ مولانا دھاندلی کا گلہ شکوہ کرتے ہیں اور اچکزئی صاحب ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، بلوچستان کے انتخابات میں اچکزئی صاحب مولانا فضل الرحمان کے امیدواروں سے ہارے تھے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ 2014 میں ہمارے خلاف دھرنے سے پہلے پکڑ دھکڑ کی گئی تھی، جبکہ عمران خان نے مظاہرین کے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھایا، وزیراعظم کی ہدایات پر مظاہرین کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔