پشاور: آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ آرمی تنصیبات پر مزید کسی حملے کو برداشت نہیں کیا جائے گا، 9 مئی کو ہنگامہ آرائی کے منصوبہ سازوں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کو موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر اور انسداد دہشت گردی کی جاری کوششوں پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے پیشہ ورانہ صلاحیت، کارکردگی اور کامیابیوں کی تعریف کی۔
یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف سے چینی وزیر خارجہ کی ملاقات، سی پیک منصوبے پر تبادلہ خیال
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے افسران و جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن و استحکام کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے، امن و استحکام کے عمل کو خراب کرنے کی کوئی گنجائش نہیں، آرمی تنصیبات پر مزید کسی حملے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو ہنگامہ آرائی کے منصوبہ سازوں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے، امن کو سبوتاژ کرنے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں، اب کسی توڑ پھوڑ کو برداشت نہیں کیا جائے گا، پاکستانی عوام کی حمایت سے تمام مذموم کوششیں ناکام بنادیں گے۔