جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

سلائی مشین سے نیویارک میں پلازے کھڑے ہوگئے، عمران خان کی کرپشن پر میڈیا اور نیب خاموش ہے : بلاول بھٹو

عمران خان کی کرپشن پر

کراچی : بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سلائی مشین سے نیویارک میں پلازے کھڑے کردیے گئے ہیں، عمران خان کی کرپشن پر میڈیا اور نیب خاموش ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کراچی میں پریس کانفرنس کی، پریس کانفرنس میں وزیر اعلیٰ سندھ، عذرہ پیچوہو ،ناصر شاہ اور سعید غنی بھی شریک تھے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی اور مودی کی پالیسی کو ختم کرنا ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مودی حکومت کی مخالفت کی۔

عمران خان پاکستان کے پہلے وزیراعظم ہیں جنہوں نے کشمیرکاز پر قوم کو تقسیم کیا۔ عمران خان نے مودی کی انتخابی مہم کے دوران مودی کی حمایت کی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے کشمیریوں کو لاوارث چھوڑ دیا ہے۔ جب بھی کشمیر کا مسئلہ آیا حکومت اور اپوزیشن متحد ہوئے، وزیراعظم نے کہا کہ مودی کےانتخاب جیتنے سے مسئلہ کشمیر حل ہوجائے گا، پی ٹی آئی کی حکومت نے کشمیر کاز اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کو نقصان پہنچایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت پاکستان کی جمہوریت کیلئے خطرہ بن چکی ہے۔

سندھ حکومت نے کم وسائل کی باوجود کورونا کے خلاف بھرپور اقدامات کیے ہیں۔

حکومت صوبوں کے ساتھ امتیازی سلوک کررہی ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت جمہوریت پر حملے کررہی ہے۔

پی پی چیئرمین نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے بجٹ میں کوئی نئی اسکیم شروع نہیں کی ہے۔ وفاقی حکومت کو بھی نئے اسکیموں کوروکنا چاہیے تھا، یہ وقت ہےکہ نئی اسکیمیں روک کر عوامی صحت پر خرچ کیا جائے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ میں سب سے زیادہ کورونا ٹیسٹ ہورہے ہیں۔ این سی او سی دفتر میں کورونا کے 100 روز کی تقریب منائی گئی،

جس میں عجیب عجیب بیانات دیے گئے۔ وفاقی حکومت کے برعکس سندھ حکومت نے کام کرنے پر توجہ دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے صوبوں کے فنڈز کو اور رسک الاؤنس و سماجی تحفظ کے فنڈ کم کردیئے ہیں۔ ہم اپنے ڈاکٹر اور پیرا میڈکس کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ سندھ کے طرز پر ملک بھر میں اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے مزید کہا پی ٹی آئی کی حکومت پاکستان کی تاریخ کی بدعنوان ترین حکومت ہے۔

مشرف کا پہلا این آر او عمران خان کے لیے تھا، سلائی مشین سے نیویارک میں پلازے کھڑے کردیے گئے ہیں۔ علیم خان اور علیمہ خان کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، یہی کام ہم نے کیئے ہوتے تو ہمارا جینا دوبھر کردیا جاتا۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان اور پی ٹی آئی حکومت آصف زرداری کو قتل کرنا چاہتے ہیں : بلاول بھٹو

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی کرپشن پر میڈیا اور نیب خاموش ہے۔ حکومت کی چینی اور تیل کی کرپشن پر بھی سب خاموش ہیں۔ عمران خان نے ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھایا۔ نیب اور ادارے وفاقی حکومت کی کرپشن کو تحفظ دے رہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے پشاور بی آر سے اسٹے آرڈر ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ٹی سے حکم امتناع ہٹایا جائے، کرپٹ عناصر کو پکڑا جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اپنے اے ٹی ایم ابراج گروپ کو بچا رہی ہے۔ ابراج گروپ عمران خان کا اے ٹی ایم ہے۔ بلاول بھٹو نے ایف آئی اے رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا چینل ایف آئی اے کی اس رپورٹ پر بھی پروگرام کرے۔

کے الیکٹرک نے کراچی کے عوام کو عذاب میں ڈالا ہوا ہے، کراچی میں بجلی آتی نہیں اور بنی گالہ سے بجلی جاتی نہیں ہے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ انہیں حکومت چلانا آتی ہے اور نہ سیاست کرنا، وفاقی حکومت کو معیشت چلانا بھی نہیں آتی ہے، وفاقی حکومت کو چیلنج دیا تھا،

آج تک جواب نہیں آیا ہے۔ وفاق این آئی سی وی ڈی کے مقابلے میں اپنا ایک اسپتال دکھا دے، ہم نے تو 17 اسپتال بنادیے، آپ کوئی ایک ہی اسپتال دکھادو۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جے آئی ٹی کا کھیل خود حکومت کے گلے پڑ گیا ہے۔ کٹھ پتلی حکومت جتنی جعلی جے آئی ٹیز لے آئے، دباؤ میں نہیں آئیں گے۔ اسلام آباد پہنچ کر انہیں اقتدار سے باہر نکالیں گے۔ عوامی مسائل کا حل صرف پیپلز پارٹی کے پاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں کورونا کے دوران 6 فیصد ٹیکس وصولی میں اضافہ ہوا ہے، وفاقی حکومت نے این ایف سی پر حملہ کیا، ناکام ہم نہیں وفاقی حکومت ہورہی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت نے سینیٹ کو استعمال کرکے این ایف سی پر حملہ کیا

سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ لا پتہ افراد کو گھر لانا پڑے گا یا دفنانا پڑے گا۔ چیئرمین نیب لاپتہ افراد پر اپنا بیان دیں تو بہتر ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی غیر جمہوری عمل کا حصہ بننے کو تیار نہیں ہے، حکومت ہر فورم پر ناکام ہوچکی ہے۔ پورا پنجاب کرپشن اور جادو پر چل رہا ہے۔ این ایف سی پر حملہ ہوا تو سڑکوں پر نکلیں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو ٹی وی پرمناظرے کا چیلنج کیا، عمران خان میرے مناظرے کے چیلنج پر ڈر گئے ہیں، وفاق سندھ کی طرح کورونا ٹیسٹنگ کرکے دکھائے۔

متعلقہ خبریں