جی ٹی وی نیٹ ورک
انٹرٹینمنٹ

"میرے پاس تم ہو” کی آخری قسط نشر ہونے سے رکوانے کیلئے درخواست دائر

درخواست

لاہور: سول کورٹ میں پاکستان کے مقبول ترین ڈرامے "میرے پاس تم ہو” کی آخری قسط نشر ہونے سے رکوانے کے لیے درخواست دائر کردی گئی۔

لاہور کی سول عدالت میں ڈرامے کی آخری قسط نشر ہونے سے رکوانے کے لیے ماہم نامی خاتون نے اپنے وکیل ماجد چوہدری ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی ہے۔

خاتون نے درخواست میں موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرامے میں خواتین کی مسلسل تضحیک اور عورت کو معاشرے میں کم تر دکھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ڈرامے نے پاکستانی خواتین پر مثبت نتائج نہیں ڈالے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈرامہ میرے پاس تم ہو کی آخری قسط سنیما گھروں میں نشر کی جائے گی

خاتون نے عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ عدالت فوری ڈرامے کی آخری قسط نشر ہونے سے روکنے کا حکم دے۔ خاتون کا موقف سننے کے بعد عدالت نے 24 جنوری کے لیے نوٹس جاری کردیئے۔

واضح رہے کہ ڈرامے کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے ہی ڈرامے کے پروڈیوسر اور مرکزی اداکار ہمایوں سعید اور ڈائریکٹر ندیم بیگ نے اس کی آخری قسط ٹی وی کے بجائے سینما میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈرامے میں ہمایوں سعید کے علاوہ اداکار عدنان صدیقی اورعائزہ خان مرکزی کردار نبھارہے ہیں۔

متعلقہ خبریں