جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

اسمبلیوں سے استعفے کی باتیں کرنے والوں کی عقل استعفی دے چکی ہے : فردوس عاشق

اسمبلیوں سے استعفے کی

لاہور : فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم گلی کوچوں میں دربدر رسوائی سمیٹ رہی ہے، اسمبلیوں سے استعفے کی باتیں کرنے والوں کی عقل استعفیٰ دے چکی ہے۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ہوسِ اقتدار میں اندھی "ٹوٹی فروٹی” کے رنگوں پر مشتمل "ٹوٹی پھوٹی پی ڈی ایم” فضل الرحمن کی قیادت میں "جھوٹ جھوٹ اور صرف جھوٹ” کو آخری سہارا مانتے ہوئے ملک کے گلی کوچوں میں دربدر رسوائی سمیٹ رہی ہے۔

انہوں نے سماجی میڈیا پر جاری بیان میں مزید کہا کہ دنیا پاکستانی معیشت کی معترف جبکہ فضل الرحمن اور اچکزئی افغانستان کے سحر سے نکل نہیں پارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسمبلیوں سے استعفے کی باتیں کرنے والوں نے استعفے تو نہ دئیے البتہ انکی عقل استعفی دے چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : صبر کریں آر بھی ہوگا اور پار بھی ہوگا : عظمیٰ بخاری

معاون خصوصی نے کہا کہ قومی سلامتی کے اداروں، دوست ممالک اور سی پیک سے متعلق منفی پروپیگنڈا شکست خوردہ پی ڈی ایم کی مسلسل ناکامیوں اور عوام کی جانب سے ان کو ملے زخموں کا نتیجہ ہے۔

دوسرے جاری بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کرپشن کنگ ملک سے باہر مزے کررہے ہیں، ان کے چیلے یہاں واویلا کر رہے ہیں۔ ملک کو لوٹا اور باہر بھاگ گئے، یہ کہاں کی سیاست اور عوام کی خدمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوٹ مار کرنا اور اقامے لینا مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی گھٹی میں پڑا ہوا ہے۔ ماضی میں کرپشن کے مینار کھڑے کرکے اربوں کی لوٹ مار کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ منصوبوں میں عوام کی ضرورت کی بجائے مالی مفاد کو مد نظر رکھنے والا جعلی خادم اعلیٰ کی منی لانڈرنگ کی ہوش روبا داستانیں بچے بچے کی زبان پر ہیں۔ کل کے شیر آج گیڈر بنے ہوئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی ایماندار قیادت کے سامنے ان کی حیثیت بونوں جیسی ہے۔

متعلقہ خبریں