جی ٹی وی نیٹ ورک
کھیل

محمد عامر پرفارم کرکے واپس آسکتے ہیں: مصباح الحق

پرفارم

لاہور: ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ محمد عامر کے ساتھ کوئی ذاتی مسئلہ نہیں وہ پرفارم کر کے واپس آ سکتے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران مصباح الحق سے سوال کیا گیا کہ محمد عامر نے رویے سے دلبرداشتہ ہوکر موجودہ مینجمنٹ کے تحت نہ کھیلنے کا اعلان کیوں کیا؟

جواب میں ہیڈ کوچ نے کہا کہ یہ پیسر کی اپنی رائے ہے، میں سینئر ہوں یا جونیئر تمام کھلاڑیوں کی عزت کرتا ہوں،محمد عامر کا 2016میں کم بیک ہوا تو میں ہی کپتان تھا، تمام باتوں کو پس پشت رکھتے ہوئے انھیں خوش آمدید کہا اور ہر موقع پر سپورٹ کیا،بطور کوچ بھی حوصلہ افزائی کی۔

انہوں نے کہا کہ دورہ انگلینڈ سے قبل ذاتی مسائل تھے تو ان کو تاخیر سے ٹیم جوائن کرنے کی اجازت دی، وہاں انجرڈ ہوگئے،

فارم بھی نہیں تھی، زمبابوے کیخلاف سیریز سے قبل انھیں بتا دیا تھا کہ نوجوان پیسرز حارث رؤف، محمد حسنین اور محمد موسیٰ کو مواقع دیں گے،

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ اس دوران قومی ٹی ٹوئنٹی ہوا تو عامر 5 میچز سے باہر رہے،جب کھیلے تو اپنی بہترین فارم میں نہیں تھے،دیگر بولرز نے اچھا پرفارم کیا۔

یہ بھی پڑھیں: دورہ نیوزی لینڈ؛ ٹیم کی کارکردگی کا آج جائزہ لیا جائے گا

مصباح الحق نے کہا کہ میں نے عامر سے انگلینڈ میں ہی کہا تھا کہ آپ ٹیم کے سینئر اور اسٹرائیک بولر ہیں۔ 82میل کی رفتار سے بولنگ تقاضے پورے نہیں کرسکتے، 4 اوورز پوری قوت سے بولنگ کریں، آپ کا شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف و دیگر بولرز سے مقابلہ ہے، ہم کسی کو سینئر ہونے کی بناپر پرفارمرز پر ترجیح نہیں دے سکتے۔

یہ بھی پڑھیں: میں معذرت کرنے نہیں آیا مایوسی ہے کہ ہم سیریز ہار گئے: مصباح الحق

کوچ نے کہا کہ محمد عامر کو ڈراپ کرنے میں بولنگ کوچ وقار یونس کا بھی کوئی لینا دینا نہیں، ایسوسی ایشنز کے 6 کوچز سلیکشن کمیٹی کے رکن تھے، کپتان کی مشاورت بھی ہوتی ہے، ایک متفقہ فیصلہ ہوا، باقی باتیں فضول ہیں۔

ایک سوال پر مصباح الحق نے کہا کہ پیسر کی واپسی کیلیے دروازے بند نہیں ہوئے، میرے دل میں ان کیلیے کچھ نہیں، ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کے فیصلے پر بھی اعتراض نہیں، کوئی بھی فارمیٹ ہو پرفارم کریں اور واپس آجائیں، بطور سینئر محمد حفیظ ایک مثال ہیں، یہ نہیں ایک میچ میں کارکردگی دکھائی اور 4 میں نہیں۔

متعلقہ خبریں