جی ٹی وی نیٹ ورک
کھیل

محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن کلیئر، آل راؤنڈر اسٹیٹس بحال ہوگیا

حفیظ

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن کلیئر ہوگیا اور اب وہ انٹرنیشنل میچز میں بطور آل راؤنڈر کھیل سکیں گے جب کہ پی ایس ایل 5 میں لاہور قلندرز کی جانب سے بیٹنگ کے ساتھ بولنگ میں بھی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔

محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن گزشتہ سال اگست میں انگلش ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ ٹورنامنٹ کے دوران رپورٹ ہوا تھا، آزادانہ تجزیہ میں ان کے بازو کا خم 15 ڈگری کی قانونی حد سے متجاوز پایا گیا جس پر ان کو بولنگ سے روک دیا گیا تھا۔

ضابطے کے مطابق انگلش بورڈ کی جانب سے عائد کی جانے والی اس پابندی کی اطلاق انٹرنیشنل میچز پر بھی ہوا، اگرچہ محمد حفیظ ڈومیسٹک کرکٹ میں بولنگ کرسکتے تھے لیکن عام طور پر ایسی صورتحال میں ٹیمیں پابندی کے شکار کھلاڑی کی بطور بولر خدمات حاصل کرنے سے گریز کرتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: انگلش اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے محمد حفیظ کی بالنگ پر پابندی عائد کردی

کلیئر نہ ہونے پر پی ایس ایل میں لاہور قلندرز ان کو بطور اسپیشلسٹ بیٹسمین کھلانے پر مجبور ہوتے، تاہم اب کوئی خدشہ باقی نہیں رہا۔

لاہور کی مقامی یونیورسٹی میں پی سی بی کی طرف سے قائم کردہ بائیومکینکس لیب میں ٹیسٹ کے بعد ان کا ایکشن کلیئر قرار دیا گیا ہے، اس سے محمد حفیظ کا بطور آل راؤنڈر اسٹیٹس بحال ہوگیا ہے۔

متعلقہ خبریں