جی ٹی وی نیٹ ورک
پاکستان

ملکی معیشت درست کام کررہی ہے، آپ نے گھبرانا نہیں ہے: وزیراعظم

وزیراعظم

اسلام آباد: عمران خان نے کہا کہ میری پوری توجہ معیشت مستحکم کرنے پر ہے اور ہماری حکومت نے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے پر قابو پا لیا ہے، آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔

ڈیجیٹل پاکستان ویژن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عمر کا زیادہ تر حصہ بیرون ملک گزارا ہے اس لیے اوورسیز پاکستانیوں کی مشکلات کا اندازہ ہے، کئی لوگ پاکستان آئے، مشکلات ہوئیں تو واپس چلے گئے لیکن میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ کسی پیغمبرکی زندگی آسان نہیں تھی اور چھوٹے فیصلے کرنے والا خودغرض ہوتا ہے، بڑے فیصلوں میں رسک ہوتا ہے لیکن جو لوگ زندگی میں اوپر پہنچے ہیں انھوں نے بڑے فیصلے کیے تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کرپشن ہمیشہ اوپر سے شروع ہوتی ہے اور جن سے کرپشن شروع ہوئی وہ تو باہر چلے گئے ہیں، ای گورننس کرپشن ختم کرنے کا بہترین طریقہ اور ہمارے لیے بہت ضروری ہے، ڈیجیٹلائزیشن سے عام آدمی کی زندگی میں آسانی آئے گی، ای گورننس کرپشن ختم کرنے کا بہترین طریقہ ہے، سرکاری محکموں میں بھی ای گورننس سسٹم لارہے ہیں لیکن مزاحمت کا سامنا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میری پوری توجہ معیشت مستحکم کرنے پر ہے اور ہماری حکومت نے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے پر قابو پالیا ہے لیکن جب حکومت ملی تو کوئی ادارہ ایسا نہیں تھا جو خسارے میں نہیں تھا اور آپ پانچ سال مجھ سے یہ سنتے رہیں گے کہ ہمیں کتنا خسارہ ملا، خسارے کا دباؤ روپے پرآتا ہے اور جب تک روپیہ مستحکم نہیں ہوتا، سرمایہ کاری بھی نہیں آتی، باہر کی ایجنسیز جب کہتی ہیں کہ معیشت مستحکم ہوگئی ہے تو اعتماد ملتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مافیا کا مفاد پاکستان نہیں بلکہ اپنا پیسہ بچانا ہے، عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں نے قوم سے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ آپ نے گھبرانا نہیں ہے لیکن اس کے باوجود کچھ لوگ گھبرا گئے اور ابھی بھی گھبرائے ہوئے ہیں، ایک بارپھر کہتا ہوں ملکی معیشت درست کام کررہی ہے، آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امہ کو اکٹھا کرنے میں کردار ادا کریں گے اور اپنی پوری صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

متعلقہ خبریں