شہباز شریف خاندان کے اکاوؤنٹ منجمد، نیب لاہور کی بینکوں کو انتباہی ہدایات

لاہور: شہباز شریف اور ان کے خاندان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کے بعد نیب لاہور نے بینکوں کے کمپلائنس ہیڈ کو انتباہی ہدایات جاری کردیں۔

نیب لاہور نے سمبا بینک، الائیڈ بینک اور سمٹ بینک کے کمپلائنس ہیڈ کو انتباہی ہدایات جاری کی ہے، جس کے تحت شہباز شریف، مہرالنسا، ربعیہ عمران، عمران علی سمیت خاندان کے افراد کوئی بھی رقم منتقل نہیں کرسکیں گے۔ شریف خاندان کا کوئی بھی شخص یا رشتہ دار شہباز شریف خاندان کے اکاونٹس سے رقم کو منتقل نہیں کرسکے گا۔

ہدایات کے مطابق شہباز شریف خاندان کے اکاونٹس سے رقم کو منتقل کرنے میں مدد کرنے والوں کو بھی سزا ملے گی۔ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے شخص کو تین سال قید یا رقم منتقل کی قیمت کے مساوی جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

نیب نے شہباز شریف، حمزہ شہباز، سلمان شہباز، نصرت شہباز سمیت دیگر کے بینک اکاونٹس کو منجمد کردیا ہے۔