ضمانت منسوخی کیس: نیب نے شہباز شریف اور فواد حسن فواد کے خلاف الزامات کی بوچھاڑ کردی

اسلام آباد: نیب نے شہباز شریف اور فواد حسن فواد کی ضمانت منسوخی کیس میں تحریری جواب، سپریم کورٹ میں جمع کرادیا ہے۔

سپریم کورٹ میں شہباز شریف اور فواد حسن فواد کی ضمانت منسوخی کیس میں نیب نے تحریری جواب سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا ہے۔

نیب کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب کے مطابق شواہد موجود ہیں کہ شہبازشریف اور فواد حسن فواد نے کرپشن کی، شہباز شریف اور فواد حسن نے آشیانہ ہاوسنگ اسکیم میں اختیارات کا غلط استعمال کیسے کیا۔

جواب کے مطابق شہباز شریف کا پنجاب لینڈ ڈیویلپمنٹ کمپنی سے کوئی تعلق نہیں تھا، شہباز شریف بطور وزیر اعلیٰ کمپنی کے بورڈ ممبران کی نامزدگی کر سکتے تھے، کسی شکایت کے بغیر پہلی کمپنی کا آشیانہ کا ٹھیکہ منسوخ کیا گیا۔

نیب کے مطابق ٹھیکہ منسوخ کے لیے فواد حسن فواد نے لینڈ ڈیویلپمنٹ کمپنی پر دباؤ ڈالا، شہباز شریف نے لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کی میٹنگ کی صدارت کی، شہباز شریف نے احد چیمہ کو منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مکمل کرنے کا حکم دیا تھا۔

جواب کے مطابق شہباز شریف نے احد چیمہ کو پیراگون سے 100 کنال زمین خریدنے کا حکم دیا، فواد حسن فواد نے کامران کیانی سے بذریعہ بنک 55 ملین روپے لیے، شہباز شریف نے کسی شکایت کے بغیر دوسری کمپنی کا ٹھیکہ بھی منسوخ کیا۔

نیب کے مطابق ایسی ناقابل تردید کڑیاں موجود ہیں کہ شہباز شریف فواد حسن فواد اور احد چیمہ نے کرپشن کی، کرپشن کے دستاویزی اور زبانی شواہد موجود ہیں۔