جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

نواز شریف تو ڈیل تلاش کرتے پھررہے ہیں، جب نہ ہوئی تو سب پھٹ پڑے : فواد چوہدری

نواز شریف تو ڈیل

لاہور : فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف کی تقریر پر لیگی کارکنوں کو مقدمہ کرانا چاہیے، نواز شریف تو ڈیل تلاش کرتے پھررہے ہیں، ان کو ڈیل کی چاہت تھی، جب نہ ہوئی تو سب پھٹ پڑے۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ساتھ جڑا ہے۔ سی پیک ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ پاکستان میں ہر ماہ 1100 وینٹی لیٹر بنارہے ہیں۔ پاکستان بیلجیئم اور امریکا کو سینی ٹائزر فراہم کررہا ہے۔ فیصل آباد میں فیڈمک میڈیکل انڈسٹری زون قائم کرنے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں نالج سٹی اور یونیورسٹی قائم کررہے ہیں۔ امید ہے آئندہ سال کورونا سے بچاؤ کی ویکسین بن جائے گی۔ سیالکوٹ میں سمبڑیال کے مقام پر تکنیکی سینٹر بنارہے ہیں۔ پاکستان آئندہ سال ڈائلیسز مشین بھی خود بنائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی تقریر پر لیگی کارکنوں کو مقدمہ کرانا چاہیے۔ ن لیگ کے لوگوں نے بھی نواز شریف کی تقریر کو پسند نہیں کیا۔ شہباز شریف کو گلگت بلتستان میں کوئی نہیں جانتا، نہ ہی وہ کبھی وہاں گئے۔ لیگی کارکنوں کو نواز شریف کی تقریر پر سب سے زیادہ دکھ ہے۔ لیگی کارکن اب قیادت کی تبدیلی سے متعلق سوچ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : شیخ رشید نے نواز شریف سے 10 سوالوں کے جواب مانگ لیئے

فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن کی ہر جماعت ڈکٹیٹر کے دور کا حصہ رہ چکی ہے۔ عمران خان کسی بھی مارشل لاء کا حصہ نہیں رہے۔ وزیراعظم عمران خان حقیقی جمہوری لیڈر ہیں۔ فوج پاکستان کا ادارہ ہے، سیاست میں کوئی عمل دخل نہیں۔ نوازشریف تو ڈیل تلاش کرتے پھررہے ہیں۔ امید ہے ایک نئی ن لیگ وجود میں آئے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نوازشریف کا اداروں سے جھگڑا بیرون ملک رکھے پیسے کا تحفظ ہے۔ ان کو ڈیل کی چاہت تھی، جب نہ ہوئی تو سب پھٹ پڑے۔ فوج، عدالتیں اور پی ٹی آئی اگر ن لیگ کے خلاف ہیں تو ان کو سوچنا چاہیے۔ شیخ رشید مقبول آدمی ہیں اس میں کوئی شک نہیں ہے۔ پیپلزپارٹی اور پی ایم ایل این کا جنم مارشل لاء کی گود سے ہوا ہے۔

وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے مزید کہا کہ بھارت اس وقت دہشت گردوں کا بڑا سہولت کار ہے۔ بھارت مسلسل سی پیک میں مشکلات کھڑی کرنے کی کوشش میں لگا ہوا ہے۔

متعلقہ خبریں