نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے پر فیصلے کا اعلان آج ہوگا

ای سی ایل

اسلام آباد : نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے یا نہ نکالنے سے متعلق فیصلے کے بارے میں وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی آج آگاہ کرے گی، شریف فیملی نے نواز شریف کے لیے ضمانتی بانڈ دینے سے انکار کردیا ہے۔

حکومت اور مسلم لیگ ن کے درمیان نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے پر ڈیڈ لاک برقرار ہے، کابینہ کی ذیلی کمیٹی آج فیصلے سے آگاہ کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں : نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ نہ ہوپایا

مسلم لیگ ن کو ذیلی کمیٹی کے صبح کے فیصلے کا انتظار ہے، ن لیگ نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے حکومت پر دباؤ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا سیکورٹی بانڈز جمع کر ادیئے تو ن لیگ کو سیاسی طور نقصان ہوگا، ذیلی کمیٹی کے فیصلے کے بعد پارٹی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔

گزشتہ روز وزیر قانون فروغ نسیم کی زیر صدارت کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں ن لیگ کے نمائندے عطا تارڑ اور ڈاکٹر عدنان نے شرکت کی۔

انہوں نے صاف منع کیا کہ نوازشریف ضمانتی بانڈز کسی صورت جمع نہیں کرائیں گے، عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ عدالت میں پہلے ہی ضمانت جمع کراچکے ہیں۔