نواز شریف کی صحت کے ساتھ خطرناک کھیل، کھیلا جا رہا ہے : مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب صحت کے ساتھ

لاہور : مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت نواز شریف کی صحت کے ساتھ خطرناک کھیل کھیل رہی ہے۔ بیرون ملک روانگی کو مشروط کرنا غیر آئینی، غیر قانونی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت سے متعلق بیان میں کہا ہے کہ حکومتی تاخیر کی وجہ سے ایئر ایمبولینس کی آمد تاخیر کا شکار ہورہی ہے۔ ‏ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق ایئرایمبولینس نے آج آنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کی بیرون ملک روانگی کو مشروط کرنا غیر آئینی، غیر قانونی ہے، حکومت نواز شریف کی صحت کے ساتھ خطرناک کھیل کھیل رہی ہے، جبکہ ڈاکٹرز کا محمد نواز شریف کی صحت کے حوالے سے ہنگامی اجلاس شروع ہو چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو اب تک دو مرتبہ اسٹیرائڈز کی ہائی ڈوز دی جا چکی ہیں، اسٹیرائیڈز کی ہائی ڈوز بار بار دینا نواز شریف کی صحت کی موجودہ کیفیت میں انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ن لیگ نواز شریف کی صحت پر سیاست نہیں گارنٹی کا بندوبست کرے : فواد چوہدری

مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کو نواز شریف کی صحت کو لاحق سنگین خطرات کا قطعاً احساس نہیں ہے، نواز شریف کی صحت کے حوالے سے قانونی تقاضے پہلے ہی پورے ہوچکے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ حکومت نواز شریف کی صحت کو لاحق خطرات کو پیش نظر رکھتے ہوئے، ان کے فوری علاج میں رکاوٹ نہ بنے۔