اسلام آباد: رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ وطن واپسی کی تاریخ نواز شریف خود دیں گے، نواز شریف الیکشن سے پہلے آکر انتخابی مہم چلائیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ جن کو ضرورت ہے انہیں جیل میں رکھیں گے تاکہ پتہ چلے جیل کیا ہوتی ہے، جن لوگوں کو ہم نے جیل میں رکھنا ہے اتنی جگہ موجود ہے، ہم اپنی مرضی سے ان کو جیل میں رکھیں گے، پوری کوشش ہے عمران خان کو اس جیل میں رکھیں جہاں مجھے رکھا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: قانونی کارروائی ہوئی، ہیروئن تو نہیں ڈالی، قتل کا الزام لگانے والے سامنا کریں : رانا ثناءاللہ
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے قتل کی سازش کا الزام لگا رہے ہیں، عمران خان نے جتنے پروپیگنڈے کیے ان کے پاس ثبوت نہیں، جو شیخ رشید نے کہا اس پر مقدمہ درج کیا گیا، شیخ رشید کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج نہیں کیا گیا، فواد چودھری نے دھمکیاں دیں جس پر مقدمہ درج ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی اپنی رائے کا اظہار پارٹی میں بھی کرتے ہیں، وطن واپسی کی تاریخ نواز شریف خود دیں گے، نواز شریف الیکشن سے پہلے آکر انتخابی مہم چلائیں گے۔