جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

حکومت کا قومی اسمبلی میں فرانسیسی سفیر کی ملک بدری پر قرارداد پیش کرنے کا اعلان

فرانسیسی سفیر کی ملک بدری

لاہور : حکومت اور کالعدم تحریک لبیک میں مذاکرات کامیاب ہوگئے، حکومت آج قومی اسمبلی میں فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کی قرارداد پیش کرے گی۔

حکومت اور کالعدم تحریک لبیک کے درمیان مذاکرات ایک بار پھر مذاکرات ہوئے، جس میں وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر مذہبی امور نور الحق قادری، گورنر پنجاب چوہدری سرور، علامہ طاہر اشرفی اور وزیر قانون پنجاب راجا بشارت مذاکرات میں موجود تھے۔

کالعدم ٹی ایل پی نے ایک مرتبہ پھر شیخ رشید کے استعفے، سعد رضوی اور گرفتار کارکنوں کی رہائی اور فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کا مطالبہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی وفد فرانسیسی سفیر کی ملک بدری اور شیخ رشید کے استعفے پر تیار نہیں تھا، حکومتی ٹیم نے جاں بحق افراد کی تعداد کے دعوے کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہلاکتیں ہوئیں ہیں تو لاشیں دکھائی جائیں۔

یہ بھی پڑھیں : ریاست مدینہ میں ایسے ہوتا ہے؟ اس طرح نمٹیں گے؟ حکومت آگ سے کھیل رہی ہے : راجا پرویز اشرف

ذرائع کے مطابق مذاکرات کے تیسرے دور کا اختتام تک حکومتی ٹیم نے کالعدم ٹی ایل پی کے تمام گرفتار افراد کو رہا کرنے اور فرانس کے سفیر کو نکالنے کی قرارداد اسمبلی میں پیش کرنے پر اتفاق کیا۔

کالعدم ٹی ایل پی کی جانب سے احتجاج اور دھرنے ختم کردیئے گئے، صرف مرکز مسجد رحمت للعالمین میں دھرنا برقرار رہے گا۔

بعد ازاں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے جاری ویڈیو بیان میں کہا کہ حکومت اور کالعدم ٹی ایل پی کے درمیان طویل مذاکرات ہوئے۔ ٹی ایل پی مسجد رحمت للعالمین سمیت ملک بھر سے دھرنا ختم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ آج قومی اسمبلی میں فَرانسیسی سفیر کی ملک بدری کی قرارداد پیش کی جائے گی۔ بات چیت اور مذاکرات کا سلسلہ آگے بڑھایا جائے گا۔ تفصیلی بیان آج شام یا کل دوپہر پریس کانفرنس میں دوں گا۔

متعلقہ خبریں