جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

آپ کو جوابدہ ہوں نہ ہی معلومات فراہم کرنے کا پابند ہوں : عمران کا ایف آئی اے کو نوٹس پر جواب

عمران کا ایف آئی اے کو نوٹس پر جواب

سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے فارن فنڈنگ کیس کی تحقیقات میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے نوٹس کا جواب دینے سے انکار کردیا۔

عمران خان اور پی ٹی آئی نے جواب سابق اٹارنی جنرل انور منصور خان کے ذریعے بھجوایا اور یہ تحریری جواب ایف آئی اے کمرشل بینک سرکل اسلام آباد کی ڈپٹی ڈائریکٹر آمنہ بیگ کو بھجوایاگیا ہے۔

عمران خان کا تحریری جواب میں کہنا ہے کہ آپ کو جوابدہ ہوں نہ ہی معلومات فراہم کرنے کا پابند ہوں، دو دن میں نوٹس واپس نہ لیا تو قانون کے تحت آپ کے خلاف کارروائی کروں گا۔

انہوں نے جواب میں نوٹس بھجوانے کو ایف آئی اے کی بدنیتی قرار دیا اور کہا کہ پی ٹی آئی سے تفصیلات اور دستاویزات طلب کرنا ایف آئی اے کے دائرہ کار میں نہیں، الیکشن کمیشن نے فیصلہ نہیں دیا بلکہ رپورٹ جاری کی۔

عمران خان کا کہنا تھاکہ الیکشن کمیشن ایف آئی اے یا کسی اور ادارے کو اس رپورٹ کی بنیاد پر حکم نہیں دےسکتا، ایف آئی اے کے پاس پولیٹیکل پارٹیز آرڈر 2002 کے تحت کارروائی کا اختیار نہیں، جاری کیاگیا نوٹس ایف آئی اے ایکٹ سے بھی متصادم ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ متعدد فیصلوں میں الیکشن کمیشن کو انتظامی ادارہ قرار دے چکی ہے، الیکشن کمیشن عدالت ہے نہ ہی ٹریبونل۔

خیال رہے کہ ایف آئی اے کمرشل بینک سرکل نے عمران خان سے بینک اکاؤنٹس سے متعلق تفصیلات طلب کی تھیں۔

یہ پڑھیں : حکمران اتحاد کا ضمنی انتخاب میں عمران خان کا راستہ روکنے پر حتمی غور

متعلقہ خبریں