جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

ملک پر ان کے جھوٹ کی نحوست ہے، اب اس جعلی لائنسسز والے پائلٹ کو نکالنے کا وقت آپہنچا : احسن اقبال

اب اس جعلی لائنسسز

اسلام آباد : احسن اقبال نے کہا ہے کہ بنگلا دیش، سری لنکا، نیپال اور افغانستان کی معیشت ہم سے آگے جارہی ہے، اب اس جعلی لائنسسز والے پائلٹ کو نکالنے کا وقت آپہنچا ہے،

مسلم لیگ (ن) کے رہنماء احسن اقبال نے کہا ہے کہ وژن 2025 کے ذریعے واٹر، انرجی، فوڈ سیکیورٹی کے وژن کو اکٹھا کیا، اس حکومت نے منصوبے کو تباہ کردیا ہے۔ (ن) لیگ نے معیشت کو ترقی پر گامزن کیا، حکومت نے ہمارے منصوبوں کو خاک میں ملادیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نااہل حکومت کی وجہ سے ملک پیچھے کی طرف جارہا ہے، بنگلا دیش، سری لنکا، نیپال اور افغانستان کی معیشت ہم سے آگے جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کا پہلا مرحلہ انفرا اسٹرکچر کا منصوبہ تھا۔ وزیر ا عظم مسلم لیگ (ن) کے منصوبوں کا فیتہ کاٹ رہے ہیں۔ ن لیگ دور کے منصوبے 2 سال تاخیر سے شروع کیے جارہے ہیں۔  ملک پر ان کے جھوٹ کی نحوست ہے۔

یہ بھی پڑھیں : حکومت نے معیشت تباہ کردی، ہمارے منصوبوں کا افتتاح کرکے کریڈٹ لیا جارہا ہے : خواجہ آصف

احسن اقبال نے کہا کہ ایف بی آر میں تقریباً 5 چیئرمین تبدیل ہوچکے ہیں، ان کے وزیر نے کہا تھا کہ موٹر وے میں احسن اقبال نے 50 ارب روپے کھائے، کوئی بھی ایجنسی لے آئیں، 50 ارب تو کیا 5 روپے کرپشن ثابت نہیں کرسکتے ہیں۔ حکومت 2 سال سے بغیر کسی ترقیاتی پلان کے کام کررہی ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے 72 سال کی تاریخ میں کبھی یہ نہیں ہوا تھا کہ گندم مارکیٹ میں آئے اور آٹے کا بحران ہوجائے۔ انہوں نے انتظامی مشین کو اپنے گھر کی لونڈی بنائی ہوئی ہے، صوبے کے اندر 5، 5 سیکریٹریز تبدیل ہوئے ہیں، دو سے تین مہینے بعد سیکریٹری تبدیل کرینگے تو وہاں کیا ترقیاتی کام ہونگے؟

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی انتظامی مشین کو انہوں نے کھلونا بنایا ہوا ہے، جہاں آئے دن افسران کی تبادلے ہونگے وہاں بحران ہی پیدا ہونگے، اب اس جعلی لائنسسز والے پائلٹ کو نکالنے کا وقت آپہنچا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹیاں اپنی تنخواہیں کم اور فیسسز بڑھانے پر مجبور ہوگئی ہیں، ہائر ایجوکیشن کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے، ہائر ایجوکیشن کمیشن کی تباہی کا نوٹس لیا جائے۔

متعلقہ خبریں