جی ٹی وی نیٹ ورک
انٹرٹینمنٹ

قوالی کے شہنشاہ نصرت فتح علی خان کی 72 ویں سالگرہ آج منائی جارہی ہے

نصرت

کراچی: شہنشاہ قوالی استاد نصرت فتح علی خان کی 72 ویں سالگرہ آج منائی جارہی ہے۔ ان کے چھیڑے سُروں کا سحر آج بھی سر چڑھ کر بول رہا ہے۔

نصرت فتح علی نے فیصل آباد کے ایک قوال گھرانے میں 13 اکتوبر 1948 کو پیدا ہوئے۔ 16 سال کی عمرمیں قوالی کا فن سیکھا، قوالی کے ساتھ غزلیں، کلاسیکل اور صوفی گیت بھی گائے، وہ ہارمونیم اور طبلہ بجانے سے بھی خوب آشنا تھے۔

موسیقی میں نئی جہتوں کی وجہ سے ان کی شہرت پاکستان سے نکل کر پوری دنیا میں پھیل گئی۔

بین الاقومی سطح پر صحیح معنوں میں ان کا بنایا ہوا پہلا شاہکار 1995 میں ریلیز ہونے والی فلم’’ڈیڈ مین واکنگ‘‘ تھا جس کے بعد انہوں نے ہالی ووڈ کی ایک اور فلم ’’دی لاسٹ ٹیمپٹیشن آف کرائسٹ‘‘ کی بھی موسیقی ترتیب دی۔

ہالی ووڈ کے بعد بالی ووڈ نے بھی نصرت فتح علی خان کو ہاتھوں ہاتھ لیا۔ انہوں نے کئی بھارتی فلموں کی موسیقی ترتیب دی۔

نصرت فتح علی خان کی بالی ووڈ میں خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، ان کا گایا ہوا مقبول ترین گیت ’’دولہے کا سہرا ‘‘ آج بھی لوگوں کے دلوں میں بسا ہوا ہے۔

نصرت فتح علی خاں کی قوالی کے 125 سے زائد آڈیو البم جاری ہوئے اوران کا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی شامل ہے۔

16 ستمبر 1997 میں محض 48 برس کی عمر میں نصرت فتح علی خان اس دار فانی سے کوچ کرگئے۔

متعلقہ خبریں