جی ٹی وی نیٹ ورک
کھیل

ون ڈے رینکنگ جاری، بابر اعظم کی پہلی پوزیشن برقرار، کوہلی کی تنزلی

آئی سی سی

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی نئی ون ڈے رینکنگ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی بیٹرز میں پہلی پوزیشن پر بادشاہت برقرار ہے۔

آئی سی سی کی نئی جاری کردہ رینکنگ کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم 887 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر رسی وین ڈر ڈوسن اور تیسرے پر کوئنٹن ڈی کوک موجود ہیں۔

آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر اور پاکستان کے امام الحق بھی بالترتیب چوتھی اور پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں جبکہ بھارت کے شبھمن گِل دو درجے ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر آگئے ہیں اور ویرات کوہلی ایک درجے تنزلی کے بعد ساتویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔ اسٹیو اسمتھ بھی ایک درجے تنزلی کے بعد آٹھویں نمبر پر چلے گئے ہیں جبکہ روہت شرما دو درجے ترقی کے بعد نویں نمبر پر آگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی مینز ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر کا اعلان، اسٹوکس کپتان، بابر بھی ٹیم کا حصہ

بولرز کی رینکنگ میں بھارت کے محمد سراج نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ سے پہلی پوزیشن چھین کر نمبر ون بولر بن گئے ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔

آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی رینکنگ میں 8 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

ون ڈے آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بنگلادیش کے شکیب الحسن کا پہلا نمبر ہے جبکہ افغانستان کے محمد نبی دوسرے اور بنگلا دیش کے مہدی حسن تیسرے اور افغانستان کے راشد خان چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

متعلقہ خبریں