جی ٹی وی نیٹ ورک
پاکستان

صرف ای وی ایم پر ہونے والے انتخابات کی فنڈنگ ہوسکے گی: فواد چودھری

فواد

اسلام آباد: فواد چودھری کا کہنا ہے کہ کسی بھی جمہوری ملک میں حکومت سازی کےلیے شفاف انتخابات انتہائی اہم ہیں، صرف ای وی ایم پر ہونے والے انتخابات کی فنڈنگ ہوسکے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کورونا کی نئی قسم اومی کرون بہت تیزی سے پھیلتی ہے، پاکستان نے کورونا کے خلاف شاندار جنگ لڑی، عوام ویکسی نیشن کا عمل جلد مکمل کرائیں، عوام کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ماسک کی پابندی یقینی بنائیں۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ شفاف الیکشن کےلیے ای وی ایم کا استعمال بہت ضروری ہے، کسی بھی جمہوری ملک میں حکومت سازی کےلیے شفاف انتخابات انتہائی اہم ہیں، صرف ای وی ایم پر ہونے والے انتخابات کی فنڈنگ ہوسکے گی، این اے 133 کے ضمنی انتخاب میں ووٹوں کی مبینہ خریداری پر تشویش ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چینی، ٹماٹر، پیاز مسلسل قیمتیں کم ہو رہی ہیں، میڈیا پر خبر نہیں : فواد چوہدری

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو مبینہ ویڈیوز کے حوالے سے کوئی اقدام اٹھانا چاہیے، سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو 3ارب ڈالر دیئے جارہے ہیں، ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.67فیصد کمی آئی ہے، ایک ماہ میں چینی کی قیمت میں 60روپے سے زیادہ کمی ہوئی ہے، بدقسمتی سے کراچی اور حیدرآباد میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بہت زیادہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ صوبے کے معاملات درست کرنے پر توجہ دیں، رواں سال چاول کی 90 لاکھ ٹن ریکارڈ پیداوار ہوئی، چاول کی پیداوار سے 4.75ارب ڈالر کا زرمبادلہ متوقع ہے، خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان میں اشیا ضروریہ کی قیمتیں کم ہیں، پنجاب میں یوریا کی بوری 1850روپے میں مل رہی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ میں یوریا کھاد کی ذخیرہ اندوزی ہورہی ہے، سندھ زخیرہ اندوزی سے پنجاب کے کاشتکار بھی متاثر ہورہے ہیں، کھاد کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی سے فی بوری قیمت میں 400روپے کمی آئی۔

متعلقہ خبریں