جی ٹی وی نیٹ ورک
پاکستان

اپوزیشن کے جلسوں کا کوئی فائدہ نہیں، این آر او نہیں ملے گا: وزیراعظم

اپوزیشن جلسوں

لاہور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہی ہے اور جلسے جلسوں سے کوئی فائدہ نہیں ہونا اور کسی کو این آر او نہیں ملے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خبردار کیا کہ ملک میں اب کورونا سے اموات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور ہیلتھ اسٹاف پر پریشر بڑھ رہا ہے، یومیہ اموات 50 سے بھی بڑھ گئی ہیں، احتیاط نہ کی تو پاکستان کے معاشی حالات بگڑ سکتے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ فیکٹریاں، روزگار بند نہیں کریں گے اور دیہاڑی دار طبقے کو بے روزگار نہیں کرِیں گے، کیونکہ کورونا سے بچاتے بچاتے لوگوں کو بھوک سے نہیں ماریں گے۔

وزیراعظم نے معیشت کی صورتحال کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت برصغیر میں سب سے تیزی سے بحال ہوئی، ہماری برآمدات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، کووڈ کے دوران بھارت اور بنگلا دیش ہم سے پیچھے ہیں۔

اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے جلوسوں کے بارے میں عمران خان نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ جب تک کورونا کم نہیں ہوتا کوئی جلسہ، جلوس نہیں کرینگے، کوئی بھی ایسا کام نہیں کرنا چاہیئے جہاں لوگ جمع ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے اپنا جلسہ ختم کردیا ہے، اپوزیشن لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہی ہے، جلسے جلسوں سے کوئی فائدہ نہیں ہونا اور کسی کو این آر او نہیں ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں: انسانوں پر سرمایہ کاری کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا : وزیر اعظم عمران خان

وزیراعظم نے پنجاب حکومت کی کارکردگی کے حوالے سے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ٹیمیں قبضہ گروپوں کے خلاف کارروائی کر رہی ہیں، لاہور کے قبضہ گروپوں کی چیخیں جلد سنیں گے، اوورسیز پاکستانیوں کی زمینوں پر قابض گروپوں کیخلاف ایکشن شرو ع ہونیے والا ہے۔

عمران خان نے وزارت خارجہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کامیاب جا رہی ہے، آج دنیا میں پاکستان کا نام ہے، پاکستان نے طالبان اور امریکا کے درمیان مذاکرات کرائے، ماضی میں کسی اور کی جنگ کی ناکامی کا ذمےدار ہمیں ٹھہرایا جا رہا تھا، لیکن آج ڈومور کہنے والا امریکا بھی پاکستان کے اقدامات کی تعریف کر رہا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کی خارجہ پالیسی سب سے کامیاب ہے جس کی بدولت ہندوستان دنیا میں ایکسپوز ہوا، ترکی ،ایران ،سعودیہ ،یو اے ای سے پاکستان کے اچھے تعلقات ہیں، موثر لابنگ سے بھارت کا چہرہ دنیا میں بے نقاب ہوا ہے۔

متعلقہ خبریں