جی ٹی وی نیٹ ورک
اہم خبریں

عافیہ صدیقی کی بہن کو امریکہ کا ویزہ حاصل کرنے کے لیئے درخواست دینے کا حکم

عافیہ صدیقی کی بہن

اسلام آباد : عدالت نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن کو امریکہ کا ویزہ حاصل کرنے کے لیئے درخواست دینے اور وزارت خارجہ کو معاونت کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں امریکی جیل میں قید پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی رہائی کیس کی سماعت ہوئی۔ دفتر خارجہ کی جانب سے عافیہ صدیقی کیس کی پیشرفت رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔

دفتر خارجہ کے حکام  نے بتایا کہ عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی ڈپلومیٹک پاسپورٹ چاہتی ہیں۔ عدالت نے فوزیہ صدیقی کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کیوں ڈپلومیٹک پاسپورٹ چاہتے ہیں؟ وکیل نے بتایا کہ خوف اور ڈر ہے کہ وہاں کچھ ہو سکتا ہے، اس لیے ڈپلومیٹک پاسپورٹ چاہ رہے ہیں۔

عدالت نے کہا کہ آپ پہلے امریکہ کا ویزہ حاصل کرنے کے لیئے درخواست دیں، جس پر وکیل نے کہا کہ دفتر خارجہ عدالت کے سامنے فوزیہ صدیقی کی مکمل حفاظت کی ضمانت دے۔

یہ بھی پڑھیں : ڈاکٹر عافیہ صدیقی ذہنی حوالے سے صحت مند ہیں : وزارت خارجہ

عدالت نے استفسار کیا کہ اگر یہ امریکہ جائیں تو وہاں سفارتخانے میں رہ سکتی ہیں؟ نمائندہ خارجہ حکام نے کہا کہ میں امریکہ میں موجود قونصل جنرل سے بات کر لیتا ہوں۔

عدالت نے وکیل کو کہا کہ آپ کو دفتر خارجہ پر اعتماد رکھنا چاہیے، وہ آپ کی مدد کر رہے ہیں۔ کوشش کر رہے ہیں آہستہ آہستہ بہتر نتائج ہوں، آپ ویزہ تو اپلائی کریں۔ دفتر خارجہ فوزیہ صدیقی کو ویزہ فراہمی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ وزارت خارجہ حکام کے مطابق فوزیہ صدیقی کو قانون کے مطابق ڈپلومیٹک پاسپورٹ جاری نہیں کر سکتے۔ وزارت خارجہ نے فوزیہ صدیقی کے ویزہ کے لیے امریکی ایمبیسی کو لکھا بھی ہے۔

عدالت نے حکم دیا کہ وزارت خارجہ امریکہ میں فوزیہ صدیقی کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے۔ عدالت نے کیس کی سماعت تین ستمبر تک ملتوی کردی۔

متعلقہ خبریں