پاک چین دوستی دنیا میں ایک مثال اور امن و ترقی کی علامت ہے : فردوس عاشق

دوستی

اسلام آباد: فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سی پیک اتھارٹی کا قیام اس امر کا ثبوت ہے کہ حکومت سی پیک منصوبوں پر تیز تر اور مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ پاک چین دوستی خطے اور دنیا میں ایک مثال اور امن و ترقی کی علامت ہے۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی میڈیا پر وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین پر ٹوئٹ میں کہا ہے کہ چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ اور وزیراعظم عمران خان کا گرمجوشی کا انداز آئرن برادرز کی عظیم دوستی کا مظہر ہے، یہ دوستی خطے اور دنیا میں ایک مثال اور امن و ترقی کی علامت ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم عمران خان کی چینی صدر اور ہم منصب سے ملاقات

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا عظیم عوامی ہال آمد پر چین کے وزیراعظم کی جانب سے پرتپاک استقبال دونوں سدا بہار دوستوں کے لازوال اور گہرے رشتے کا درخشاں باب ہے۔

فردوس عاشق نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون میں مزید وسعت کا باعث بنے گی۔ چینی وزیراعظم نے عمران خان کے سی پیک منصوبوں پر تیز رفتاری سے تکمیل کے عزم اور پیشرفت پر شکریہ ادا کیا۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ سی پیک اتھارٹی کا قیام اس امر کا ثبوت ہے کہ حکومت  سی پیک منصوبوں پر تیز تر اور مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کا ملاقات میں مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال اور انسانی بحران پر گفتگو آئینہ دار ہے کہ عمران خان ہر محاذ پر کشمیریوں کے حق کیلئے ڈٹ کر کھڑے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر شی جن پنگ سے بیجنگ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال، خطے میں‌ قیام امن اور اقتصادی معاملات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاک چین سدا بہار شراکت داری دونوں ممالک کے بنیادی مفادات کو تحفظ فراہم کرتی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اس سے قبل چینی ہم منصب لی چیانگ سےملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔