جی ٹی وی نیٹ ورک
پاکستان

پاکستان اور چین، افغانستان کی تعمیر نو میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں : وزیر خارجہ

افغانستان کی تعمیر

اسلام آباد : شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین دونوں مل کر افغانستان کی تعمیر نو میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جاری بیان میں کہا ہے کہ پاکستان، وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں، خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس حوالے سے ہماری پہلی ترجیح "افغانستان” کا امن ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال پر غوروخوض کیلئے آج پاکستان، چین اور افغانستان کے مابین "سہ فریقی بیٹھک” ہو گی۔ چین کے پاس ٹیکنالوجی اور ہمارے پاس مین پاور ہے۔ قیام امن کی صورت میں، پاکستان اور چین دونوں مل کر افغانستان کی تعمیر نو میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : افغانستان کے مسئلے پر اپوزیشن کی تجاویز بھی لیں گے : شاہ محمود قریشی

ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کی ترجیح "جیو اکنامک” ہے۔ ہم پاکستان کو تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بنانا چاہتے ہیں۔ اس حوالے سے ہمارا اکنامک کاریڈور اور گوادر پورٹ اہم کردار ادا کریں گے۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں "وسط ایشیائی ریاستوں کے نئے وژن” پر عمل پیرا ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ علاقائی روابط کا فروغ اور علاقائی امن اس وژن کے دو بنیادی ستون ہیں۔ کل تاجک صدر اور وزیر خارجہ کے ساتھ، دو طرفہ اقتصادی و معاشی تعاون اور افغانستان کی صورتحال پر بات ہوئی افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے ہماری اور تاجکستان کی سوچ میں مماثلت ہے۔

شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ دونوں، افغانستان میں قیام امن کو خطے کی ترقی اور استحکام کیلئے ناگزیر سمجھتے ہیں۔ کشمیری، مودی سرکار کے یک-طرفہ اقدامات کو یکسر مسترد کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو مقبوضہ کشمیر میں اٹھائے گئے اگست 2019 کے غیر آئینی، یکطرفہ اقدامات پر نظرثانی کرنا ہو گی۔ وزیر اعظم عمران خان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ اخلاقی، سیاسی اور سفارتی معاونت جاری رکھیں گے۔

متعلقہ خبریں