جی ٹی وی نیٹ ورک
اہم خبریں

پاک فوج نے بھارت کے لانچ پیڈز اور دہشت گردوں کی موجودگی کے بیان کو مسترد کردیا

لانچ پیڈز

اسلام آباد : پاک فوج نے آزاد کشمیر میں لانچ پیڈز اور دہشت گردوں کی موجودگی کے بھارتی فوجی افسر کے بیان کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے جاری بیان میں کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے بارے میں بھارتی فوج کے ایک اعلیٰ افسر کا بلاجواز بیان بھارتی مسلح افواج کی فریب زدہ ذہنیت کا مظہر ہے۔

ترجمان نے کہا کہ یہ اندرونی سیاست کی بھارتی افواج پر چھاپ کا نتیجہ ہے۔ بھارتی فوجی افسر کے دعوے اور غیر حقیقی عزائم توہین آمیز ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ لانچ پیڈز اور دہشت گردوں کی موجودگی کے من گھڑت اور بے بنیاد الزامات بھارتی فوج کے طاقت کے جابرانہ استعمال اور بے گناہ نہتے کشمیریوں کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کی ایک کوشش ہے جو بین الاقوامی قانون کے تحت اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں درج اپنے حق خودارادیت کے لیے کوشاں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : قومی اسمبلی میں پاک فوج سے یکجہتی کی قرارداد متفقہ طور پر منظور

ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیریوں کا حق خودارادیت بذریعہ بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ سلامتی کونسل قراردادوں کے تحت ہے۔ بھارتی فوج غیر ذمہ دارانہ بیانات سے گریز کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج علاقائی امن و استحکام کی حامی ہے۔ امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ ہماری سرزمین کے خلاف کسی بھی مہم جوئی یا جارحیت کو ناکام بنانے کے لئے ہر وقت تیار ہیں۔ ہماری دفاع کی صلاحیت اور تیاری بالاکوٹ واقعے سمیت متعدد مواقع پر ثابت ہوئی ہے۔

بھارتی فوج کو خطے کے امن کے مفاد میں اپنے سیاسی آقاؤں کے رجعت پسند نظریے کے لیے انتخابی حمایت کو آگے بڑھانے کے لیے غیر ذمہ دارانہ بیان بازی اور وحشیانہ گفتگو سے پرہیز کرنا چاہیے۔

متعلقہ خبریں