پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی 20 کرکٹ میچ آج کھیلا جائے گا

آخری

پرتھ : پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ پر دونوں کپتانوں میچ کو جیت کر مخالف پر سبقت لے جانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی 20 انٹرنیشنل میچ آج پرتھ میں کھیلا جائے گا۔ آسٹریلیا کو پاکستان کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔

دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے میچ میں کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں، میچ اس اعتبار سے اہمیت کا حامل ہے کہ پاکستان کو سیریز برابر کرنے کے لئے میچ جیتنا ضروری ہوگا، جبکہ میزبان ٹیم پاکستان کو شکست دیکر سیریز 2-0 سے جیت جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا طویل پریکٹس سیشن، خوشدل اور امام الحق کی انٹری یقینی

دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرے اور آخری میچ میں کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث بے نتیجہ رہا، تاہم دوسرے میچ میں میزبان ٹیم نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔

پاکستانی ٹیم بابر اعظم کی قیادت میں میدان میں اترے گی، بابر اعظم کا کہنا ہے کہ میزبان ٹیم کے ہاتھوں دوسرے میچ میں شکست کے باوجود حوصلے پست نہیں ہوئے۔ تیسرے میچ میں کینگروز کو شکست دیکر سیریز کا اختتام برابری پر کریں گے۔

آسٹریلوی ٹیم کے قائد ایرون فنچ نے کہا ہے کہ پاکستان کو تیسرے میچ میں بھی شکست دیکر سیریز 2-0 سے اپنے نام کرینگے۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 نومبر تک برسبین میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 29 نومبر سے 3 دسمبر تک ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔