جی ٹی وی نیٹ ورک
پاکستان

پاکستان تحریک انتقام کا مقصد عوام سے تیل نکالنا ہے : مرتضیٰ وہاب

عوام سے تیل

کراچی : مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بائیس سالہ جدوجہد کا انتقام عوام سے لیا جارہا ہے، ان کا مقصد عوام سے تیل نکالنا ہے، ان کی حرکتوں کی وجہ سے ملک کو دنیا میں مذاق بنایا گیا۔

سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ آج کے اخبار میں چھپا ہے کہ وفاقی حکومت نے ویکسین خریدنے کے لئے اب تک کسی کو آرڈر نہیں دیا، کوئی پروسیس شروع نہیں کیا گیا۔ میں اس کو ان کی نااہلی نہ کہوں تو کیا کہوں۔ امید کرتا ہوں کہ وزیراعظم نوٹس نہیں لیں گے۔ فیصلہ کریں گے کہ کووڈ کی ویکسین جلد منگوائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ان کا تعلق عوام سے نہیں ہے۔ ان کی نئی نئی حکومت آئی تھی تو سمندر سے تیل نکالنے کا دعویٰ کیا تھا۔ ان کا مقصد سمندر سے نہیں عوام سے تیل نکالنا ہے۔ ان ناتجربہ کاری اور نااہلی سے پی آئی آئی تباہ ہوا ہے۔ ان کی حرکتوں اور غلط پالیسیز کی وجہ سے ملک کو دنیا میں مذاق بنایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : حکومت پی آئی اے کو بدنام کرنے پر تلی ہوئی ہے : ناصر شاہ

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انتقام کی طرف سے پیٹرول کی قیمت میں گیارہ روپے اضافے کی اطلاعات ہیں۔ میرے پاس الفاظ نہیں ہیں کہ اس عوام دشمن فیصلے کی مذمت کروں۔ ایک ایک چیز کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔ ویسے ہی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ بائیس سالہ جدوجہد کا انتقام عوام سے لیا جارہا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بڑی قیمتیں بتاکر کم اضافہ کرنا اور واہ واہ سمیٹنا بھی ان کی عادت ہے۔ اپنے آپ کو اچھا دکھانے کے لئے سوروپے بتا کر پچاس روپے اضافہ کیا جائے گا۔ وفاقی حکومت عوام کی مشکلات میں اضافہ نہ کرے۔ تیل ڈیزل کی قیمت میں اضافہ ناقابل برداشت ہے۔

متعلقہ خبریں