جی ٹی وی نیٹ ورک
کھیل

عالمی کپ: پاکستان نے جنوبی افریکا کے خلاف 49 رنز سے بازی مارلی

لارڈز: پاکستان نے لارڈز کا میدان مارلیا، ورلڈکپ کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ کو انچاس رن سے شکست دیدی۔ گرین شرٹس کے تین سو نو رن کے ہدف کے تعاقب میں پروٹیز پچاس اوور میں دو سو انسٹھ رنز بناسکے۔ قومی ٹیم نے انہتر گیندوں پر نواسی رن کی شاندار اننگ کھیلنے پر حارث سہیل میچ آف دی میچ قرار پائے۔

وہاب ریاض اور شاداب خان نے جنوبی افریقہ کے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ محمد عامر نے دو اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔

پاکستان کی جانب سے شاندار بلے بازی کے بعد بہترین بالنگ کا بھی مظاہر کیاگیا۔ تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عامر نے پہلے ہی اوور میں ہاشم آملہ کو پویلین کی راہ دکھائی، وہ 2 رنز ہی بنا سکے۔

ابتدائی نقصان کے بعد کپتان ڈوپلیسی اور ڈی کوک نے محتاط انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا تاہم 47 کے انفرادی اسکور پر ڈی کوک کیچ آؤٹ ہوگئے جب کہ 103 کے مجموعے پر شاداب خان نے مارکرم کو بولڈ کردیا۔ کپتان ڈوپلیسی کو محمد عامر نے 63 رنز پر چلتا کیا۔

اس کے بعد آنے والے دیگر کھلاڑی بھی ٹیم کو سنبھالا نہ دے سکے۔ اس سے قبل قومی ٹیم نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا۔ فخرزمان 44 رنز بناکر عمران طاہر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، کچھ ہی دیر بعد عمران طاہر نے امام الحق کا زبردست کیچ لیکر انہیں بھی پویلین بھیج دیا۔

محمد حفیظ صرف 20 رنز ہی بناسکے جبکہ بابراعظم 69 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ شعیب ملک کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے حارث سہیل نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور صرف 58 گیندوں پر 89 رنز بنائے۔

قومی ٹیم کو سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہونے کے لیے ایونٹ کے باقی تمام میچز جیتنے بھی ضروری ہیں۔

متعلقہ خبریں