جی ٹی وی نیٹ ورک
کھیل

پاکستانی لڑکے کا ویرات کوہلی کو پیغام

لاہور: پاکستان سری لنکا ٹی ٹوئنٹی سیریز کے میچ کے دوران ایک پاکستانی مداح نے بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی سے پاکستان آنے کی فرمائش کردی۔

گزشتہ روز لاہور میں ہونے والے تیسرے اور آخری میچ کے دوران ویرات کوہلی کے مداح نے ایک پلے کارڈ اُٹھا رکھا تھا جس میں ویرات کوہلی سے پاکستان آکر کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا تھا۔

پلے کارڈ پر ’ ویرات ہم آپ کو پاکستان میں کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں‘ درج تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک صارف نے کوہلی کے اس مداح کی تصویر شیئر کی اور انہیں اپنی پوسٹ پر ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ ہمیں آپ کی بیٹنگ بہت پسند ہے اور چاہتے ہیں کہ آپ پاکستان آ کر کھیلیں، بہت سارا پیار اور نیک تمنائیں آپ کے لیے۔‘

اس تصویر کے شیئر ہوتے ہی ٹوئٹر صارفین نے اس پر کمنٹس کرنا شروع کر دیئے جس میں مثبت اور منفی دونوں شامل تھے۔

واضح رہے کہ سری لنکا نے پاکستان کو گزشتہ روز تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ کر دیا تھا۔

متعلقہ خبریں