جی ٹی وی نیٹ ورک
دلچسپ و عجیب

پالتو بلی کی وجہ سے مالکن نے دو دن اپنے کچن میں گزارے

بلی

روسی شہر آرچ اینجلسک کی مقامی ریسکیو سروس کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ایک مقامی خاتون 19 جنوری سے 21 جنوری تک اپنے گھر کے باورچی خانے میں صرف اس لیے قید رہیں کیونکہ ان کی پالتو بلی پر پاگل پن کا دورہ پڑگیا تھا اور وہ خاتون جب بھی باروچی خانے سے باہر نکلنے کی کوشش کرتیں، بلی فوراً ہی ان پر حملہ کردیتی۔

پہلے تو خاتون نے بلی کا غصہ اور پاگل پن ختم ہونے کا انتظار کیا لیکن وہ مسلسل دو دن تک کسی مستعد چوکیدار کی طرح باورچی خانے کے دروازے پر ہی پہرہ دیتی رہی۔ ویسے تو اکیلی رہنے والی ان خاتون کا فلیٹ تیسری منزل پر ہے لیکن خوش قسمتی سے اس کے کچن کی کھڑکی سڑک کی طرف کھلتی ہے۔ لہذا دوسرے دن انہوں نے کھڑکی کھول کر مدد کے لیے پکارنا شروع کیا۔

ان کی آوازیں سن کر جلد ہی کچھ راہ گیر متوجہ ہوئے اور انہوں نے ریسکیو سروس فون کردیا۔ ریسکیو سروس کے نمائندے کچھ ہی دیر میں وہاں پہنچ گئے اور فلیٹ کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے۔ سب سے پہلے انہوں نے بلی کو قابو کیا اور پھر اُن خاتون کو اپنی ہی پالتو بلی کی جانب سے نجات ملی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں انسانی چہرے والے بکرے کی پیدائش، ویڈیو وائرل

ریسکیو سروس کی پریس ریلیز میں یہ تو نہیں بتایا گیا کہ دو دن تک اپنے ہی گھر کے کچن میں محصور ہونے کے دوران خاتون نے رفع حاجت کا انتظام کیسے کیا، مگر اتنا ضرور معلوم ہوا ہے کہ ان خاتون کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے اور وہ بالکل خیریت سے ہیں۔

پالتو بلی کو بھی اب ایک پنجرے میں بند کرکے ان خاتون کے حوالے کردیا گیا ہے اور ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی بلی کے اس عجیب و غریب برتاؤ کے بارے میں جاننے اور اس کیفیت کے علاج کےلیے جلد از جلد جانوروں کے کسی ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔

متعلقہ خبریں