جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

پناہ گاہوں کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں : وزیراعظم عمران خان

پناہ گاہوں کا سیاست

اسلام آباد : وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پناہ گاہوں کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، اس کا تعلق اللہ اور اس کی مخلوق کی خدمت سے ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان سے معاونِ خصوصی برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ملاقات کی، جس میں پناگاہوں کی صورتحال اور بہتری کیلئے بنائے گئے جامع منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے پر تین مرحلوں میں عملدرآمد کیا جائے گا۔ منصوبے کے مطابق موجودہ پناہ گاہوں میں سہولیات کی فراہمی میں بہتری لائی جائے گی۔ نجی بین الاقوامی ہوٹل سے پناگاہوں کے عملے کو تربیت فراہم کی جائے گی۔

بریفنگ کے مطابق پالیسی پر عملدرآمد کیلئے ایک مرکزی بورڈ اور انتظامی معاملات کو دیکھنے کیلئے ہر پناہ گاہ میں 4 رکنی بورڈ تشکیل دیا جائے گا۔ سہولیات کے حوالے سے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ بنایا جائے گا جو نگرانی میں مدد کرے گا۔ ڈیش بورڈ کو موبائل کے ذریعے با آسانی چلایا جا سکے گا۔

یہ بھی پڑھیں : پناہ گاہوں کو متنازعہ نہ بنائیں : فیصل جاوید کا امریکی فوجیوں کی جعلی تصویر پر اپیل

بریفنگ میں کہا گیا کہ موجودہ پناہ گاہوں میں مسائل کی نشاندہی کرکے ان کو حل کیا جائے گا۔ پناہ گاہوں کو اس مقصد کیلئے تعمیر کی گئیں عمارتوں میں منتقل کرنا بھی منصوبے کا حصہ ہے۔ پناہ گاہوں کے ساتھ احساس ون ونڈو سینٹر بھی کھولے جائیں گے،

جس سے پناہ گاہوں میں مقیم اہل افراد کو احساس کے تحت دیگر دوسرے پروگرامز سے سہولیات لینے میں آسانی ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ جن پناہ گاہوں پر لوگوں کا رش ہے ان پر خصوصی توجہ دی جائے۔ پناہ گاہوں کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔ اس کا تعلق اللہ اور اس کی مخلوق کی خدمت سے ہے۔ پناہ گاہوں کا مقصد معاشی طور پر غریب طبقے کے لوگوں کے وقار کو مجروح ہونے سے بچانا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پناہ گاہوں سے پہلے غریب مزدور سڑکوں پر سونے پر مجبور تھے۔ منصوبے کے مطابق مثالی پناہ گاہوں کا قیام جلد عمل میں لایا جائے۔

متعلقہ خبریں