خیبر پختونخوا : پانی کے بہاؤ کی نگرانی کرنے والا جدید ٹیلی میٹری سسٹم دریاؤں پر نصب

جدید ٹیلی میٹری سسٹم

پشاور: خیبر پختونخوا کا بڑا قدم، سیلاب کی صورتحال میں ممکنہ متاثرہ آبادی کو محفوظ مقامات پر بروقت منتقل کرنے اور حفاظتی اقدامات لینے کا جدید ٹیلی میٹری سسٹم 5 دریاؤں اور 2 نالوں پر نصب کردیا گیا ہے۔

ترجمان محکمہ ریلیف کے مطابق پاکستان میں پہلی بار خیبر پختونخوا کے 5 دریاؤں اور 2 نالوں پر پانی کی نگرانی کا جدید ٹیلی میٹری سسٹم نصب کردیا گیا ہے۔ اس سسٹم سے ہنگامی صورت حال میں ممکنہ متاثرہ آبادی کو محفوظ مقامات پر بروقت منتقل کیا جا سکے گا۔

دریائے سوات، کابل، پنجکوڑہ، منڈا ہیڈ ورکس، کلپانی و بڈھنی نالہ پر یہ سینسرز نصب کیئے گئے ہیں۔ سسٹم کے ذریعے تشویشناک صورت حال بننے سے قبل ہی تمام متعلقہ اداروں بشمول ڈپٹی کمشنرز کو بروقت مطلع کرنا ممکن ہوگیا ہے۔

خودکار ڈیجیٹل ٹیلی میڑی سسٹم سے پی ڈی ایم اے، محکمہ آبپاشی اور ضلعی انتظامیہ کو منسلک کیا گیا ہے۔ خودکار ڈیجیٹل ٹیلی میڑی سسٹم امریکہ سے درآمد کیا گیا ہے، جس پر 6 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بھارت نے دریاؤں میں پانی چھوڑ دیا، پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں سیلاب کا خطرہ

نصب سینسرز سے رئیل ٹائم کمپیوٹرائیز سسٹم میں ڈیٹا منتقل ہونا شروع ہوگیا ہے۔ ان سینسرز اور کنٹرول اسٹیشن کو شمسی توانائی سے بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ کنٹرول اسٹیشنز انٹرنیٹ کے ذریعے متعلقہ محکموں سے منسلک ہیں اور متعلقہ ادروں کو پانی کے بہائو سے متعلق پیغامات موصول ہونا شروع ہوچکے ہیں۔