جی ٹی وی نیٹ ورک
کھیل

پی سی بی نے ڈومیسٹک سیزن کے شیڈول کا اعلان کردیا

ڈومیسٹک
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک سیزن دو ہزار بیس دو ہزار اکیس کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے، پروگرام کی تیاری اس انداز سے کی گئی ہے کہ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کرکٹرزکے لیے فرنچائز کرکٹ اور قومی ٹیموں میں جگہ بنانا مزید آسان ہوسکے۔

گذشتہ سال کی نسبت حالیہ سیزن میں پی سی بی نے فرسٹ الیون ٹیموں کے مابین کھیلا جانے والا قومی ٹی ٹوئنٹی کپ اور پاکستان کپ کے میچز ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جائیں گے۔

قومی انڈر نائنٹین ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ بھی ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا، شریک تمام چھ ٹیموں کو دس میچوں میں شرکت کا موقع ملے گا، چار ٹاپ ٹیموں کے درمیان سیمی فائنلز ہوں گے، یہ میچز لاہور، مریدکہ اور شیخوپورہ میں کھیلے جائیں گے۔

سیزن کا آغاز تیس ستمبر سے شروع ہونے والے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ سے ہوگا، ایونٹ کا پہلا مرحلہ ملتان اور دوسرا راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

سیزن کا اختتام پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ سے ہوگا، یہ ایونٹ آٹھ سے اکتیس جنوری تک کھیلا جائے گا، جس کے بعد فروری، مارچ میں شیڈول ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ دو ہزار اکیس کی تیاری کا آغاز ہوجائے گا۔

قائداعظم ٹرافی کے تمام میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے، ایونٹ کے نان فرسٹ کلاس میچز آٹھارہ اکتوبر سے تیرا دسمبر تک، جبکہ فرسٹ کلاس میچز پچیس اکتوبر سے پانچ جنوری تک کھیلے جائیں گے۔

کورونا سے متعلق ہدایات کے مطابق قائداعظم ٹرافی کے دوران تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کی نقل و حرکت محدود ہوگی۔

بی سی بی کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کا کہنا ہے کہ کورونا کی اس غیریقینی صورتحال میں ڈومیسٹک سیزن کی تیاری ایک مشکل اور چیلنج سے بھرپور مرحلہ تھا تاہم ہم نے کھلاڑیوں اورکھیل کے معیار کو اعلیٰ مقام پر پہنچانے کی غرض سے اس شیڈول کو تیار کیا۔ حالیہ سیزن میں مجموعی طور پر دو سو آٹھ میچز کھیلے جائیں گے۔

متعلقہ خبریں