جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

پی ڈی ایم کا ایجنڈا عوام کو سلیکٹڈ حکومت سے نجات دلانا ہے: نفیسہ شاہ

نفیسہ

اسلام آباد: نفیسہ شاہ نے کہا کہ شبلی فراز کا بیان پی ڈی ایم قیادت کو براہ راست دھمکانے اور ہراساں کرنے کے مترادف ہے، پی ڈی ایم کا ایجنڈا اور بیانیہ کچھ اور نہیں بلکہ عوام کو سلیکٹڈ حکومت سے نجات دلانا ہے۔

پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکٹری اطلاعات نفیسہ شاہ کا وفاقی وزیر شبلی فراز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ شبلی فراز کا بیان پی ڈی ایم قیادت کو براہ راست دھمکانے اور ہراساں کرنے کے مترادف ہے، پی ڈی ایم کی قیادت ان اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈر کر پیچھے ہٹنے والی نہیں۔

نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم پر بھارتی بیانیہ ساتھ لیکر چلنے جیسے بیانات ملک میں نفرت پھیلانے کی سازش ہے، پی ڈی ایم کا ایجنڈا اور بیانیہ کچھ اور نہیں بلکہ عوام کو سلیکٹڈ حکومت سے نجات دلانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شبلی فراز نے پی ڈی ایم پر بھارتی بیانیے جیسے الزامات لگا کر اپنی نااہلی اور ناکامی چھپانے کی کوشش کی، کیا فواد چوہدری نے جو بیان دیا وہ ملکی سلامتی کے حق میں تھا، شبلی فراز اس پر کیوں خاموش رہے؟ شبلی فراز کا چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے متعلق بیان بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ججز کیخلاف سازش میں وزیراعظم کا بھی کردار نظر آرہا ہے: نفیسہ شاہ

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت میں اپنی ناکامی نظر آنے اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے گلگت بلتستان کے کامیاب دورے کے باعث شدید پریشان ہے، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان کے ان علاقوں کا دورہ کیا ہے جن کا نام بھی شبلی فراز کو نہیں پتہ ہوگا۔

نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان پیپلزپارٹی کا گڑھ ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے کامیاب دورے کے بعد کلین سوئپ کریں گے، پیپلزپارٹی نے سندھ کے عوام کے لئے جو منصوبے دیئے عوام کو بخوبی پتہ ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ شبلی فراز سندھ کے عوام کو بتائیں کہ وفاق نے سندھ کے عوام کو کیا دیا؟ کیا وفاق نے جو سندھ سے وعدے کئے وہ پورے کئے؟

نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ وفاق سندھ کے عوام کے ساتھ وعدے پورے کرنے کی صوبوں کے حقوق پر نظر ڈالی ہوئی ہے۔

متعلقہ خبریں