جی ٹی وی نیٹ ورک
کھیل

پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو با آسانی شکست دیدی

پشاور

کراچی: پاکستان سپر لیگ کے چوتھے میچ میں پشاور زلمی نے کامران اکمل کی سنچری کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

کامران اکمل نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف شاندار سنچری اسکور کی اور یوں وہ پانچویں ایڈیشن میں سنچری بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ یہ پاکستان سپر لیگ میں مجموعی طور پر کامران اکمل کی تیسری سنچری ہے۔

پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے کھیلتے ہوئے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 149 رنز کا ہدف دیا جو پشاور نے کامران اکمل کی شاندار سنچری کی بدولت 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے میچ کا ٹاس پشاور زلمی نے جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ کوئٹہ کی جانب سے جیسن روئے اور شین واٹسن نے اننگز کا آغاز کیا، واٹسن صرف 8 رنز بنانے کے بعد وہاب ریاض کا شکار بنے۔

تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے احمد شہزاد بھی صرف 12 رنز ہی بناسکے تاہم اوپننگ بلے باز جیسن روئے نے محتاط انداز میں نصف سنچری اسکور کی تاہم وہ بڑی شارٹس مارنے میں ناکام رہے۔ کپتان سرفراز احمد نے 25 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیلی۔

یہ بھی پڑھیں: کامران اکمل کی دھواں دار اننگز، پی ایس ایل کی تاریخ میں تیسری تیز ترین سینچری

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے میچ میں کامیابی سے ہمکنار کروانے والے اعظم خان 9 گیندوں پر صرف 5 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ جیسن روئے 73 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض نے 2 جب کہ عامر خان اور ڈیرن سیمی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

149 رنز کا ہدف پشاور زلمی نے 4 وکٹوں کے نقصان پر با آسانی حاصل کرلیا، اوپنر کامران اکمل نے 13 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 55 گیندوں پر 101 رنز اسکور کئے، ٹام بینٹن 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

حیدر علی 25 رنز بنا کر سہیل خان کا شکار ہوئے، شعیب ملک 7 رنز بنا کر فواد احمد کو وکٹ دے بیٹھے۔ لیام لونگسٹون 8 اور لیام ڈاسن 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے فواد احمد نے 2 وکٹ لیں، سہیل خان اور ملز نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

متعلقہ خبریں