جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

فیصل واوڈا کو نااہل قرار دینے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست

فیصل واڈوا

لاہور : وفاقی وزیر فیصل واوڈا کو نااہل قرار دینے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔ درخواست میں جوڈیشل کمیشن قائم کرکے سازش کی مکمل تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

امن ترقی پارٹی کے چیئرمین فائق شاہ نے ایڈووکیٹ میاں آصف کی وساطت سے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کو نااہل قرار دینے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ فیصل واوڈا نے ملکی اداروں پر سنگین سیاسی الزامات لگا کر اپنے حلف سے غداری کی۔ جوڈیشل کمیشن مقرر کر کے سازش کی مکمل انکوائری کروائی جائے۔

یہ بھی پڑھیں : فیصل واوڈا جیسی سیاست ہم نے نہیں دیکھی : رضا ربانی

درخواست میں معاملہ اٹھایا گیا ہے کہ میمو گیٹ میں حسین حقانی اور ڈان لیکس کے مجرموں کو قرار واقعی سزا دی گئی ہوتی تو آج واوڈا گیٹ کیس کا سامنا نہ ہوتا۔ واڈوا گیٹ کیس میں چینل اور اینکرپرسن کا کردار بھی مشکوک ہے۔

فائق شاہ کا درخواست میں کہنا ہے کہ پاکستان کے اعلٰی جمہوری و دفاعی اداروں کو بدنام کرنے کی سازش کے تمام کردار بے نقاب کرنے ہوں گے۔ وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے حامد میر کے پروگرام میں خود قبول کیا کہ اس کو آئین پاکستان کی ان شقوں کا علم نہیں۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ ایسے جاہل افراد 62 ون ایف کے تحت پارلیمنٹ و کابینہ کا حصہ نہیں رہ سکتے۔62  ون ایف کے تحت اہل اور حقدار افراد ہی پارلیمنٹ و کابینہ کے ممبر بن سکتے ہیں، جبکہ واوڈا اس قابلیت پر پورا نہیں اترتے۔ اس سازش کے پس منظر ماسٹر مائنڈ کوئی اور ہی ہے۔ اس سازش کے تحت آرمی سروسز ایکٹ کی ترمیم کو بھی مشکوک و متنازع بنا دیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں