جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

دوا ساز اداروں کو ڈاکٹروں کے اخراجات برداشت کرنے اور نقد رقوم دینے سے روک دیا گیا

نقد رقوم دینے

اسلام آباد : ڈریپ نے دوا ساز اداروں کو ڈاکٹروں کو نقد رقوم دینے اور سفری اخراجات برداشت کرنے سے روک دیا۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان نے دوا ساز اداروں اور ڈاکٹروں کے حوالے سے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے۔ فارماسیوٹیکل کمپنیوں اور ڈاکٹروں کے تعلقات پر مبنی ضابطہ اخلاق وفاقی کابینہ کی منظوری سے جاری کیا گیا۔

ڈریپ نے دوا ساز اداروں کو ڈاکٹروں کو نقد رقوم دینے سے روک دیا۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق دوا ساز ادارے ڈاکٹروں کے اہل خانہ اور دیگر افراد کے سفری اخراجات برداشت نہیں کریں گے۔ ڈاکٹروں کو ان کی اداروں کی جانب سے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ کے بغیر غیر ملکی سفر کے اخراجات نہ دیئے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں : عورتوں کو وراثت کے شرعی حق سے محروم رکھنا مکروہ عمل ہے : سپریم کورٹ

ڈریپ نے ہدایت دی ہے کہ ڈاکٹروں کی تعلیمی اور سائنٹیفک کانفرنسوں کے لیے غیر ضروری رقوم نہ فراہم کی جائیں۔ سائنٹیفک اور تعلیمی کانفرنسوں کے لیے فراہم کی گئی رقوم کا حساب رکھا جائے۔ ڈاکٹروں کو تفریحی دوروں کے اخراجات، مہنگی رہائش کے لیے رقوم فراہم کرنے کی بھی ممانعت کردی گئی ہے۔

تمام طبی تعلیمی کانفرنسیں ملک کے اندر منعقد کی جائیں۔ کانفرنسوں کے دوران تفریحی پروگرام، بے تحاشا مہنگے کھانے نہ مہیاء کئے جائیں۔

دوا ساز اداروں کو ڈاکٹروں کے ذاتی تفریحی اور سفری اخراجات برداشت کرنے، ہر طرح کے تحائف دینے اور اہل خانہ لئے ہر طرح کی تفریحی سرگرمیاں منعقد کرنے کی ممانعت کردی گئی ہے۔

دوا ساز کمپنیوں کو نئے رولز پر عمل کے لیے سینئر افسران مقرر کرنے اور ڈاکٹروں اور طبی تنظیموں پر اخراجات کی تفصیل ڈریپ کو فراہم کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں