جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

کراچی میں پی آئی اے کا مسافر طیارہ آبادی پر گر کر تباہ، حادثے میں 35 افراد جاں بحق ہوئے : ایدھی حکام

مسافر طیارہ

کراچی : ماڈل کالونی میں پی آئی اے کا مسافر طیارہ آبادی پر گر گیا، جس کے باعث 35 افراد کے جاں بحق ہوگئے ہیں۔

کراچی ایئرپورٹ کے قریبی علاقے ماڈل کالونی کے جناح گارڈن میں لاہور سے آنے والا پی آئی اے کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا ہے۔ طیارے میں 7 عملے کے اراکین سمیت 91 مسافر سوار تھے، مسافروں میں 51 مرد، 31 خواتین اور 9 بچے سوار تھے۔


ایدھی حکام کا کہنا ہے کہ افسوسناک حادثے میں 35 لاشوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ جناح اسپتال نے 17 لاشوں اور 11 زخمیوں کی تصدیق کی ہے، جن میں سے 9 خواتین اور 8 مرد ہیں۔

دوسری طرف ایم ایس سول اسپتال ڈاکٹر خادم حسین کے مطابق سول اسپتال میں 15 میتیں لائی جاچکی ہیں۔ چار زخمیوں کو سی ایم ایچ بھی منتقل کیا گیا ہے، جن کے بارے میں اطلاع ہے کہ ان میں 2 افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ریسکیو اداروں کا کہنا ہے کہ کٹر کی مدد سے جہاز کے ملبے سے مزید زخمیوں کو نکالا گیا ہے۔

مسافروں میں چیئرمین پنجاب بینک ظفر مسعود اور چینل 24 کے ڈائریکٹر پروگرامنگ بھی شامل ہیں۔ ظفر مسعود معجزانہ طور پر حادثے میں محفوظ رہے ہیں، انہوں نے اپنی والدہ کو فون کرکے اپنی خیریت بتائی۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارہ لینڈنگ سے چند لمحے قبل چار منزلہ عمارت سے ٹکرانے کے بعد مختلف گھروں کو نقصان پہنچاتے ہوئے تباہ ہوگیا۔ طیارہ گرنے سے گھروں اور کھڑی گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔

حادثے کی اطلاع ملتے ریسکیو ادارے موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا۔ تنگ گلیوں اور عوام کے رش کے باعث ریسکیو اداروں کو کام کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بار بار لاٹھی چارج کیا گیا مگر عوام تھوڑی دیر بعد پھر جائے حادثہ پر پہنچ جاتی تھی۔ فائر برگیڈ کی بڑی گاڑیوں کو حادثے کے مقام تک پہنچے میں دشواری پیش آئی۔

پاک فوج کی کوئیک ری ایکشن فورس، پاک بحریہ اور فضایہ سمیت پاکستان رینجرز سندھ کے دستے جائے حادثہ پر پہنچے، دستوں نے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن بھی شروع کر دیا۔ آرمی ہیلی کاپٹر اور پاک بحریہ کے چار فائر ٹینڈرز نے بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق امدای کارروائیوں میں تیزی کے لیئے خصوصی ٹیم رواپنڈی سے کراچی کے لیئے روانہ کردی گئی ہے۔ آرمی اربن سرچ اینڈ ریسکیوں ٹیم سی 130 کی خصوصی پرواز سے روانہ ہوئی۔ ملٹری ایمبولینسں بھی زخمیوں کی طبی امداد فراہم کررہی ہیں۔


سول ایوی ایشن نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پی آئی اے کی پرواز 8303 کا لینڈنگ سے ایک منٹ قبل ائیر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔

جہاز کے پائلٹ اور ٹریفک کنٹرول ٹاور کے درمیان آخری رابطے کی آڈیو ریکارڈنگ بھی سامنے آگئی۔ ریکارڈنگ میں طیارے کے پائلٹ نے ایک انجن فیل ہونے کی اطلاع دی اور مے ڈے مے ڈے کی کال دی تھی، جس پر پائلٹ کو بتایا گیا کہ طیارے کی لینڈنگ کے لیے دو رن وے دستیاب ہیں، جس کے بعد طیارے کا رابطہ منقطع ہوگیا۔

ذرائع سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوئی تھی اور لینڈنگ سے پہلے اس کے پہیے نہیں کھل رہے تھے، جس پر پرواز کو راؤنڈ اپ کا کہا گیا لیکن اس دوران جہاز آبادی پر گر گیا۔


پی آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ PK-8303 کو کیپٹن سجاد گل اڑا رہے تھے، پائلٹ سمیت تمام عملے کا تعلق لاہور سے ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جہاز میں ایک انجن میں آگ لگی ہوئی تھی۔ پائلٹ شاید جہاز کو کچے میں اتارنے کی کوشش کررہا تھا کہ انجن میں دھماکہ ہوگیا، جس کے بعد جہاز فوراً نیچے گھروں کی چھتوں پر گرگیا۔

پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک فوری طور پر پی اے ایف کے طیارے سے کراچی روانہ ہو گئے۔

پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس وقت کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہے، ہم معاملے کو دیکھ رہے ہیں، اس معاملے سے متعلق پریس کانفرنس کرکے ذریعے تمام تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔

ترجمان نے بتایا کہ طیارہ زیادہ پرانا نہیں تھا اور اس کی عمر تقریباً 10 سے 101 سال تھی اور طیارہ مکمل مینٹین تھا لہٰذا تیکنیکی خرابی کے بارے میں کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔ ذرائع کے مطابق ایئر کرافٹ انٹویسٹیگش بورڈ واقعے کی تحقیقات کرے گا۔

حادثے کے مقام پر گھروں میں دراڑیں پڑچکی ہیں۔ انتظامیہ نے رہائشیوں کی لسٹیں تیار کرنا شروع کردی ہے، جنہیں محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے گا۔

حادثے کے بعد افواؤں کا بازار بھی گرم ہوگیا۔ پاکستان کی مشہور اداکارہ عائزہ خان نے اپنے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اور ان کے شوہر دانش تیمور اپنے گھر پر ہیں اور محفوظ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے طیارے میں ان کے سوار ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ براہ کرم جعلی خبریں نہ پھیلائیں۔ اللہ پاک ہدایت دے ایسے لوگوں کو جو ہر بات کو مذاق بنا دیتے ہیں۔

متعلقہ خبریں